Ajmal Wazir 1

خیبر پختونخوا میں بجٹ کے لیپس ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں- مشیر اطلاعات اجمل وزیر

پشاور : مشیر اطلاعات اجمل وزیر کی میڈیا بریفنگ، ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں بجٹ کے لیپس ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں.

ان کا کہنا تھا کہ 71 فیصد بجٹ لیپس کی جو بات کی گئی ہے اس میں کوئی صداقت نہیں ہے،اس حوالے سے میں تمام تر حقائق اور وضاحت آپ کے سامنے رکھتا ہوں تاکہ عوام کو آسان الفاظ میں سمجھ آئے،صوبائی حکومت کے محاصل کا بڑاحصہ مرکزی حکومت سے آتا ہے،ہر مالی سال کی ابتداء میں مرکزی حکومت صوبے کو مرکزی محاصل کا تخمینہ بتاتی ہے۔صوبائی حکومت مرکز کے محاصل کو مد نظر رکھ کر نئے سال کا بجٹ بناتی ہے،کسی بھی حکومت کی کارکردگی کو جانچنے میں بجٹ کے تخمینے نہیں بلکہ اصل محاصل اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سال 2019-20 کے صوبائی ترقیاتی بجٹ کا تخمینہ 108 ارب روپے تھا جس میں اب تک صرف 78 ارب روپے وصول ہوئے ہیں ۔کیونکہ کورونا کی وجہ سے محاصل کم ہوئے ہیں،ضلعی ترقیاتی بجٹ کی مد میں 3 ارب روپے ریلیز ہوئے ہیں جن میں سے 2.5 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں جو کہ 77 فیصد بنتے ہیں.

اجمل وزیر نے مزید کہا کہ ضم شدہ اضلاع کی اے ڈی پی میں وصول شدہ فنڈز کا 71 فیصد استعمال ہو چکا ہے،اے آئی پی کی مد میں وصول شدہ رقم کا 67 فیصد خر چ ہو چکا ہے،ان تمام ترقیاتی کاموں میں اب تک 110 ارب روپے جاری ہوئے ہیں جن میں سے 84 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں جو 77 فیصد بنتے ہیں ۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی کارروائی پر فیصلہ کن جواب دیں گے ،ایران

ہر سال سب سے زیادہ اخراجات مالی سال کے آخر میں یعنی جون کے مہینے میں ہوتے ہیں، اس سال بھی امید کی جاتی ہے کہ ریلیز شدہ رقم 100 فیصد تک خرچ ہو جائے گی.

اجمل وزیر نے مزید کہا کہ خیبر پختون خوا حکومت نے دکانیں/کاروبار کھلے رکھنے میں مزید ایک دن اور اوقات کار میں دو گھنٹے کی توسیع دی گئی ہے،حکومت کی طرف سے پہلے غیر ضروری قرار دی گئی دکانیں/ کاروبار ہفتے میں 5 دن شام 7 بجے تک کھلے رہیں گے،دکانیں ہفتہ اور اتوار کے دن مکمل بند رہینگی.

اجمل وزیر نے میڈیا بریفنگ میں مزید کہا کہ پہلے سے ضروری قرار دئیے گئے کاروبار اور دکانیں پورا ہفتہ شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی،فارمیسی / میڈیسن کی دکانیں ، تندور، ہتھ ریڑی، دودھ شاپس اور سپلائی چین پورا ہفتہ 24/7 کھلی رہیں گی.ریسٹورنٹس، فاسٹ فوڈ اور بیکری سے ہوم ڈیلیوری اور ٹیک آوے سروس 24/7 جاری رہیگی،تمام کاروباروں میں حکومت کی طرف سے وضع کردہ قواعد وضوابط پر سختی سے عمل کیا جائیگا.

مزید پڑھیں:  صوبہ کے مختلف اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ، اہم شاہراہیں بند

اجمل وزیر نے مزید کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کی وطن واپسی میں تمام حائل رکاوٹیں دور کر دی ہیں،تارکین وطن کی خلیجی ممالک سے ملک واپسی شروع ہو چکی ہے،وزیراعلیٰ محمود خان نے وزیراعظم عمران خان سے صوبے کے تارکین وطن کی ملک واپسی کے سلسلے میں خصوصی ملاقات کی تھی۔

اجمل وزیر نے مزید کہا کہ ممبر قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور ممبر خیبر پختونخوا اسمبلی میاں جمشید الدین کاکاخیل کے انتقال پر دکھ ہوا، اللہ تعالیٰ مرحومین کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے،غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

عوام کا پیسہ لوٹنے والوں کو چاہئے کہ عوام کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لاکر عوام کو دیں کیونکہ عوام اس وقت مشکل صورتحال سے گزر رہے ہیں،عمران خان کی حکومت میں سب کو جواب دینا پڑے گا، عوام کا پیسہ لوٹنے والوں کے لیے کورونا کو شیلٹر نہیں بننے دیں گے،شہباز شریف لندن سے آئے تھے کہ کورونا میں عوام کی خدمت کروں گا لیکن ابھی تک نہ کسی آئسولیشن سنٹر کا دورہ کیا اور نہ کسی ہسپتال گئے،کمرے میں بیٹھ کر لیپ ٹاپ کے ذریعے تقرریں کرنا عوام کی خدمت نہیں ہے، وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان خود ہسپتالوں اور قرنطینہ سنٹرز کے دورے کررہے ہیں اجمل وزیر