Ajmal Wazir PC

خیبر پختونخوا میں اپوزیشن کی کل جماعتیں کانفرنس بے وقت کی راگنی ہے – مشیر اطلاعات اجمل وزیر

پشاور : مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا اپوزیشن آل پارٹیز کانفرنس پر ردعمل، ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں اپوزیشن کی کل جماعتیں کانفرنس بے وقت کی راگنی ہے،حل ہونے کے بعد اپوزیشن کو مسائل کی نشان دہی یاد آجاتی ہے، اپوزیشن موجودہ حالات میں انتشار پھیلانے کی بجائے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں.

اجمل وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کورونا کے خلاف موثر اقدامات کئے جارہے ہیں،خیبر پختونخوا میں اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس بے مقصد ہے کیونکہ حکومت کورونا کے خاتمے اور اوورسیز کے مسائل حل کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے،کورونا متاثرین کے لیے حکومت نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام شروع کیا ہے جو ملک کی تاریخ کا شفاف ترین منصوبہ ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی رابطہ کمیٹی میں تمام صوبوں کے وزرائے اعلی سمیت وزیر اعظم آزاد کشمیر سے مشاورت کی جاتی ہے، ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام تر فیصلے صوبوں کے ساتھ مشاورت سے ہو رہے ہیں جسکا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان کو جا تا ہے.اپوزیشن کو اوورسیز پاکستانی تب یاد آئے ہیں جب حکومت ان کے لیے اقدامات اٹھا چکی ہے۔

مزید پڑھیں:  رفح پر حملے کی مشاورت، نیتن یاہو اسرائیلی وفد امریکہ جانے کو تیار

اوورسیز پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے دل کے قریب ہیں،وزیراعلی کی خصوصی درخواست پر باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے تارکین وطن لانے کے لئے فلائٹ آپریشن شروع ہوچکا ہے،بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی میتیں بھی لائی جارہی ہیں،مختلف خلیجی ممالک سے اپریل سے مئی تک 23 خصوصی پروازوں کے ذریعے چار ہزار سے زائد تارکین وطن ملک پہنچے ہیں اور مزید اوورسیز کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے،لاک ڈاؤن سے پہلے صرف دو مہینوں میں 81000 سے زائد مسافر باچا خان ائیرپورٹ کے ذریعے ملک آئے ہیں،تمام مسافروں کو مکمل سکریننگ کے بعد گھروں کو منتقل کیا جاتا ہے، کورونا سے متاثرہ مریضوں کو قرنطینہ سنٹرز میں قیام دیا جاتا ہے.

اجمل وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ضم شدہ اضلاع کی ترقی کی جتنی فکر وزیراعظم عمران خان کو اتنی کسی اور کو نہیں ،وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں ضم شدہ اضلاع کی تیز تر ترقی کا عمل جاری ہے، آنے والے بجٹ میں ضم اضلاع کی ترقی کے لیے خاطر خواہ رقم مختص کریں گے.

مزید پڑھیں:  بلوچستان سے 7جنرل ،2خواتین نشستوں پر سینیٹرز بلا مقابلہ منتخب

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے ڈاکٹرز اور طبی عملہ کم وسائل کے باوجود کورونا کے خلاف برسر پیکار ہیں، ڈاکٹرز اور طبی عملہ ہمارے ہیروز ہیں مشکل کی اس گھڑی میں انکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،تمام کاروباروں کو ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت دی ہے، عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں ضلعی انتظامیہ ایکشن لے رہی ہے۔

اجمل وزیر نے مزید کہا کہ تاجر برادری سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، وزیراعظم عمران خان کو ہمیشہ غریب اور مزدور طبقے کی فکر رہتی ہے،لاک ڈاون میں نرمی میں بھی غریب طبقے کی مشکلات کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے،حکومت کو دو چیلنجز کا سامنا ہے کورونا سے لڑنا اور معیشت کا پہیہ چلانا۔