کنٹرول لائن کے دونوں جانب کشمیری آج یوم شہدائے کشمیر منارہے ہیں

ویب ڈیسک: دنیا بھر میں اور کنٹرول لائن کے دونوں جانب کشمیری تیرہ جولائی انیس سو اکتیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج یوم شہدائے کشمیر منارہے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں اس دن کے موقع پر آج مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔ ہڑتال کی اپیل بزرگ حریت رہنما سیّد علی گیلانی، کل جماعتی حریت کانفرنس اور میر واعظ کی زیر قیادت حریت فورم نے کی ہے جس کا مقصد مسئلہ کشمیر کے پُرامن اور منصفانہ حل اور کشمیریوں اور حریت رہنمائوں کے خلاف بھارتی مظالم کا سلسلہ بند کرانے کی فوری ضرورت کا اعادہ کرنا ہے۔

سید علی گیلانی نے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کے حصول تک بھارتی مظالم کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

میر واعظ عمر فاروق کی زیر قیادت حریت فورم نے کہا کہ تیرہ جولائی انیس سو اکتیس جموں کشمیر کی تاریخ میں ایک سنگِ میل ہے اس دن جب پہلی مرتبہ کشمیری عوام ظالم اور طالع آزما حکمران کے خلاف مشترکہ طور پر اُٹھ کھڑے ہوئے تھے۔

ڈوگرہ مہاراجہ کی فوج نے تیرہ جولائی 1931 کو عبد القدیر نامی نوجوان کے خلاف عدالتی کارروائی کے دوران سرینگر میں سنٹرل جیل کے باہر یکے بعد دیگرے بائیس کشمیریوں کو شہید کردیا تھا ۔ عبدالقدیر نے کشمیری عوام کو ڈوگرہ راج کے خلاف متحد ہونے کو کہا تھا۔

تیرہ جولائی انیس سو اکتیس کو نماز ظہر کے وقت ایک نوجوان نے اذان دینا شروع کی لیکن مہاراجہ کے سپاہیوں نے اس کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔ اذان دینے کا سلسلہ جاری رہا اور اس عمل کی تکمیل تک بائیس نوجوانوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور تاریخ میں زندہ جاوید ہوگئے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دن سرینگر میں مزار شہداالنقش بند صاحب کی جانب مارچ کریں جہاں 1931 کے شہداء مدفون ہیں