حکومت کا پیٹرول کی قیمتیں بڑھاکر عوام کو عید کا تحفہ

حکومت نے عید کے موقع پر عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرادیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔

عید سے قبل گھریلو سلنڈر کی قیمت میں اضافہ
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ، مٹی تیل 5 روپے 97 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 6 روپے 62 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے۔

پیٹرول کی نئی قیمت 103 روپے 97 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 106 روپے 46 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت 65روپے29پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 62روپے 86پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کااطلاق رات 12 بجےسے ہوجائے گا۔

اس سے قبل اوگرا کی جانب سے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم اگست سے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 18 روپے 48 پیسے مہنگا کردیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ایل پی جی کے 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1363 روپے 55 پیسے مقرر کی گئی ہے۔