Eek9WCaWkAEVZfg

حکومت نے پاکستان کا نیا آفیشل نقشہ جاری کر دیا، مقبوضہ کشمیر پاکستان کا حصہ

ویب ڈیسک(اسلام آباد): وزیراعظم کے زیر صدارت تقریب ، پاکستان کے نئے سرکاری نقشے کی تقریب رونمائی سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیرپاکستان کا حصہ بنے گا، یہ نقشہ پہلا قدم ہے، تمام کشمیر ی اور ملکی قیادت نے اس نقشے کی تائید کی ہے، اب پاکستان کا سرکاری نقشہ وہی ہوگا جو کابینہ نے منظور کیا ہے.

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کیونکہ بچپن سے کشمیریوں کی آزادی کا سنتے آرہے ہیں، میرا زندگی کا تجربہ ہے کہ اپنی منزل پر پہنچنے سے پہلے خواب دیکھنا چاہیے، بچپن میں کرکٹر بننا چاہا اور پھر بن کر دکھایا،اسی طرح شوکت خانم کا بھی خواب دیکھا.

مزید پڑھیں:  ڈی آئی خان،ہلاک دہشتگردکسٹم اہلکاروں پرحملےمیں ملوث تھے،سی ٹی ڈی

اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نیا نقشہ پیش کرنے کا اعزاز وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے۔ بھارت نے پانچ اگست کے غیر قانونی اقدام کے بعد نقشہ پیش کیا تھا لیکن پاکستان نے بھارتی عزائم کو مسترد کر دیا ہے۔ آج کے بعد یہ نقشہ ملک بھر میں استعمال ہوگا۔ پاکستان نے آج پوری دنیا کو بتا دیا کہ ہم کہاں کھڑے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں وزیراعظم نے کابینہ اور کشمیری قیادت کو اعتماد میں لیا جنہوں نے ان کے موقف کی تائید کی۔ نہتے کشمیری جوان قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔ یہ نقشہ ہماری منزل کی عکاسی کر رہا ہے۔ ہماری منزل سری نگر ہے۔ آج تاریخی دن ہے، قوم کو مبارک ہو۔ فاٹا کے حوالے سے بھی تشنگی دور ہو گئی ہے۔ فاٹا خیبر پختونخوا میں ضم ہو گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی جارحیت ختم ہونے تک ہماری مزاحمت جاری رہے گی، ابوعبیدہ

وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہوگا۔ ہم نے اپنے موقف کو نقشے میں پرو دیا ہے۔ ہم نے اس نقشے میں سرکریک پر بھارتی موقف کی نفی کر دی ہے۔ سیاہ چین کل اور آج بھی ہمارا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نیا نقشہ جموں کشمیر پر ہمارے موقف کی بھی تائید کرتا ہے۔ سیاسی نقشے میں پہلی بار مقبوضہ کشمیر کو ‘’بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر’’ ظاہر کیا گیا ہے۔