ملک بھر میں کورونا وباء کے وار میں کمی ۔90فیصد مریض صحت یاب ہو گئے

ڈیب ڈیسک (اسلام آباد):پاکستان میں کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ بے اثر ہوتا جارہا ہے اور ملک میں اس عالمی وبا کے فعال کیسز 20 ہزار سے زائد رہ گئے ہیں۔ملک میں اگرچہ مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 136 ہے تاہم اس میں 2 لاکھ 54 ہزار 286 لوگ صحتیاب ہوگئے ہیں جبکہ 6 ہزار 14 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔اس عالمی وبا سے ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 90 فیصد سے بڑھ چکی ہے جو اس وبا کے مکمل خاتمے کے لیے امید کی کرن ہے۔گزشتہ برس دسمبر سے چین سے شروع ہونے والے اس مہلک وائرس کا پاکستان میں پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا جس کے بعد سے اب تک اس وبا کو 5 ماہ سے زائد کا عرصہ گزرچکا ہے۔اس پورے عرصے کے دوران ابتدا میں ملک میں کورونا کیسز کی تعداد کم تھی تاہم مارچ کے بعد سے ان کیسز میں اضافہ دیکھا گیا۔آج (5 اگست) کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 290 کیسز اور 5 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ مزید 4 ہزار 889 افراد صحتیاب بھی ہوگئے۔اپریل کے مہینے میں کچھ حد تک کیسز بڑھنے کے بعد مئی اور جون میں کورونا وائرس کے کیسز بلندی تک جاتے دکھائی دیے تاہم جولائی کے مہینے میں ان کیسز کی یومیہ تعداد میں کچھ کمی آئی۔صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 235 کیسز اور 4 اموات کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں ان نئے 235 کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 93 ہزار 571 ہوگئی۔اس کے علاوہ ملک کے آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے میں 4 اموات بھی ہوئیں اور یہ تعداد 2 ہزار 157 تک پہنچ گئی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری دیکھنی میں آئی اور وہاں مزید 27 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔اگست کے آغاز میں اگرچہ عید الاضحی ہونے کے باوجود کیسز کی تعداد کم رہی جبکہ اموات میں بھی گزشتہ اعداد و شمار کے مقابلے میں اس طرح کا اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا۔آج سامنے آنے والے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت میں ان نئے 27 کیسز کے بعد مجموعی تعداد 15 ہزار 122 تک پہنچ گئی۔ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں مزید 20 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 20 نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 218 تک جاپہنچی۔پاکستان میں سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس نے مزید 8 افراد کو متاثر کیا جبکہ ایک فرد جان کی بازی ہار گیا۔اعداد و شمار کے مطابق ان 8 نئے مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 105 ہوگئی۔