پاکستانی اداکار موٹروے زیادتی واقعے کے خلاف کراچی پریس کلب کے سامنے سراپا احتجاج

ویب ڈیسک (کراچی): اداکارہ سارہ خان کا کہنا ہے کہ ہمیں عورتوں کی جگہ مردوں کو تمیز سیکھانے کی ضرورت ہے کہ بات کیسے کرنی ہے کیسے اٹھنا بیٹھنا ہے اور خواتین کو کس طرح دیکھنا ہے، پاکستان شوبز انڈسٹری کے فنکار لاہور موٹروے پر خاتون کے ساتھ ہونے والی اجتماعی زیادتی کے واقعے کے خلاف احتجاج کرنے کراچی پریس کلب پہنچے، جہاں انہوں نے ملک میں زیادتی کے مرتکب ملزمان کو کڑی سزا دینے کے قانون میں بدلاؤ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو خواتین اور بچوں کی حفاظت کے حوالے سے محفوظ ملک بنانے کا مطالبہ کیا، احتجاج میں سارہ خان، ماہرہ خان، عائشہ عمر، منشا پاشا، یاسر حسین، علی رحمان خان سمیت متعدد فنکاروں نے شرکت کی، اس موقع پر اداکارہ سارہ خان نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ میں کسی احتجاج میں شریک ہورہی ہوں، ہمارے ملک میں عورتیں بالکل محفوظ نہیں ہیں ، عورتیں کیا ہمارے یہاں تو بچے اور بچیاں بھی محفوظ نہیں ہیں، لہذا ہمیں اپنی عورتوں کو سیکھانے کے بجائے مردوں کو سیکھانا چاہیئے کہ عورتوں کو کس طرح سے دیکھنا ہے، کس طرح بات کرنی ہے، کیسے اٹھناہے، کیسے بیٹھنا ہے، سارہ خان نے کہا کہ زیادتی کے ملزمان کو کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہیئے اور اگر سزا نہیں مل سکی تو میں بڑے افسوس سے کہنا چاہتی ہوں کہ میں اس ملک میں رہنا نہیں چاہتی ہوں۔