2224456 shiblifarazradiopakistan 1589832083

حکومت ملک کی ترقی کیلئے پرعزم ہے اوراس کے لئے کام کررہی ہے۔ وزیر اطلاعات

ویب ڈیسک (اسلام آباد): اطلاعات ونشریات کے وزیرسینیٹرشبلی فرازنے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک کی ترقی کے لئے پُرعزم ہے اوراس مقصد کی خاطرکام کررہی ہے۔ انہوں نے داخلہ اور احتساب کیلئے وزیراعظم کے مشیرشہزاد اکبر کے ہمراہ نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے معیشت کی بحالی سمیت بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ برآمدات اور ترسیلات زرمیں اضافہ ہو رہا ہے اوراقتصادی اشاریوں میں بہتری آرہی ہے اورمثبت رجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے تعمیرات کے شعبے کیلئے مراعات کااعلان کیا ہے اورحکومت اپنی مدت مکمل ہونے تک پچاس لاکھ گھرتعمیر کرنے کا وعدہ پورا کرے گی۔ شبلی فرازنے حزب اختلاف کی کل جماعتی کانفرنس پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملزموں اور ہارے ہوئے لوگوں کا اجتماع ہوگا جو ملک میں امن وامان اورافراتفری کی صورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ کہا ہے کہ وہ کسی بھی معاملے پرحزب اختلاف کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں لیکن وہ بدعنوانی پرسمجھوتہ نہیں کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے فنانشل ا یکشن ٹاسک فورس کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے انسداد دہشت گردی اوراینٹی منی لانڈرنگ کے بلوں کی منظوری دی۔
اس موقع پر داخلہ اوراحتساب کے بارے میں وزیراعظم کے مشیرشہزاداکبرنے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ایف اے ٹی ایف ان ممالک کی نمائندگی کرتی ہے جو یہ دیکھنے کیلئے ایک دوسرے کے قوانین کاجائزہ لیتے ہیں کہ آیا وہ قوانین منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت سے نمٹنے کے تقاضوں کوپوراکرتے ہیں یا نہیں۔

مزید پڑھیں:  زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری موبائل سمز بلاک کرنے کا حکم