‏وزیر مواصلات کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت

ویب ڈیسک (اسلام آباد): وزیر مواصلات مراد سعید کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت،‏ وکیل درخواست گزارکا کہنا تھا کہ عدالت نے نیشنل ہائی ویز سیفٹی آرڈیننس2000 پرمکمل عملدرآمد کا حکم دیا تھا، عدالتی فیصلے پرعملدرآمد نہیں ہورہا، توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کی درخواست پرسماعت کی، ‏جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میرا فیصلہ ہے اس لیے مناسب ہے کہ یہ درخواست کوئی اور بینچ سنے، وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ آپ کا فیصلہ ہے، توہین عدالت کی درخواست بھی آپ نے ہی سننی ہے، ایکسل لوڈ قانون پرعملدرآمد نہ ہونے سے قومی شاہراہوں کو نقصان پہنچ رہا ہے، جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ کیا عدالت کا فیصلہ برقرارہے؟ کہیں چیلنج یا معطل تو نہیں ہوا؟ وکیل درخواست گزارکا کہنا تھا کہ نہیں، عدالتی فیصلہ موجود ہے جس پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا ہے، توہین عدالت درخواست میں سیکرٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے اور آئی جی موٹر ویز بھی فریق ہیں۔