download 21600849851 0 400x230 1

افغانستان کی قومی مفاہمت کی اعلی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ آج تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں

ویب ڈیسک (اسلام آباد)افغانستان کی قومی مفاہمت کی اعلی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ آج تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ ڈاکٹر عبد اللہ کے ساتھ افغانستان کی قومی مفاہمت کی اعلی کونسل کے ممتاز ممبران پر مشتمل ایک اعلی سطحی وفد بھی آئے گا۔ قومی مفاہمت کی اعلی کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔ ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ اپنے دورے کے دوران صدر مملکت اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے ۔ ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ چیئرمین سینیٹ ، اسپیکر قومی اسمبلی ، وزیر خارجہ اور دیگر رہنماوں سے بھی ملیں گے ۔ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد میں ایک پروگرام میں کلیدی سپیکر کے طور پربھی خطاب کریں گے۔ ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد میں میڈیا کے ساتھ بات چیت بھی کریں گے۔ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کے دورے سے افغان امن عمل اور پاک افغانستان دو طرفہ تعلقات اور عوام سے عوام کے باہمی رابطوں کی مضبوطی کے لیے تبادلہ خیالات کا موقع ملے گا۔ پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، جس کی جڑیں مشترکہ تاریخ ، مذہبی اور ثقافتی اقدار اور روایات کی گہری ہیں۔ پاکستان افغان عوام کی امن ، استحکام اور خوشحالی کے لئے کی جانے والی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ ڈاکٹرعبداللہ عبد اللہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین بھائی چارے اور قریبی تعاون کو مزید تقویت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

مزید پڑھیں:  اسلام آباد ہائیکورٹ، خطوط کے معاملے پر ججز سے تجاویز طلب