riya sushant 5d2840f4b1d20

سشانت سنگھ منشیات کیس ،اداکارہ ریا چکرورتی کی درخواست ضمانت منظور کر لی گئی

ویب ڈیسک (ممبئی )ممبئی ہائی کورٹ نے بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ کی ہلاکت سے منسلک منشیات کیس میں اداکارہ ریا چکرورتی کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔ان کے علاوہ سیموئیل مرانڈا اور دیپش ساونت کو بھی مشروط ضمانت دی گئی ہے تاہم ریا کے بھائی شووک کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ان کا کوئی مجرمانہ ماضی نہیں ہے اس لیے یہ یقین کرنے کی معقول وجوہات ہیں کہ وہ ضمانت پر رہتے ہوئے کوئی جرم نہیں کریں گی۔جسٹس سارنگ وی کوتوالی کے بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ریا منشیات فروشوں کے کسی بھی گروہ کا حصہ نہیں ہیں اور انھوں نے مبینہ طور پر حاصل کردہ منشیات کسی اور کو پیسہ بنانے یا کسی اور مقصد کے لیے نہیں دیے۔یاد رہے کہ انڈیا میں انسدادِ منشیات کے محکمے نے نو ستمبر کو ریا چکرورتی کو ان کے سابق بوائے فرینڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی ہلاکت سے منسلک منشیات کے ایک مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت 14 جون کو ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ریا کے وکیل نے عدالت میں دلیل دی تھی کہ ریا کی جانب سے دوسرے ملزموں یعنی گھر میں کام کرنے والے افراد کو پناہ دے دینے کی بات غلط ہے کیونکہ وہ سوشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ ان کے گھر میں ہی رہتے تھے۔ پولیس کے مطابق انھوں نے خودکشی کی تھی۔تاہم ان کے خاندان نے ریا چکرورتی کے خلاف سشانت کو خودکشی پر اکسانے اور اس میں مدد دینے کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ضمانت ملنے کے بعد ریا اور ان کے بھائی شووک کے وکیل ستیش مان شندے نے کہا کہ ہم ہائی کورٹ کے ضمانت منظور کرنے کے فیصلے سے خوش ہیں۔ عدالت نے ہمارے دلائل قبول کیے جو حقائق پر مبنی ہیں۔ادھر نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے وکیل انیل سنگھ کی دلیل تھی کہ صرف منشیات کا برآمد ہونا قانونی کارروائی کی بنیاد نہیں ہے اگر نشیلی ادوایات استعمال کی جاتی ہیں اور اسے خفیہ رکھا جاتا ہے تب بھی یہ معاملہ 1985 کے ‘این ڈی پی ایس ایکٹ’ کے تحت آتا ہے۔خیال رہے کہ ضمانت کی درخواست پر سماعت گذشتہ ماہ 29 تاریخ کو ہوئی تھی اور قانونی ماہرین کے مطابق انھوں نے ممبئی ہائی کورٹ میں آج تک اتنی لمبی سماعت نہیں دیکھی جو صبح گیارہ بجے سے شروع ہوئی اور شام سات بجے تک جاری رہی۔