iftekhar hussain

گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کے جلسے سے پہلے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے،میاں افتخارحسین

ویب ڈیسک (پشاور):عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان میاں افتخارحسین نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ جلسہ سے پہلے ہی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے، گوجرانوالہ انتظامیہ کی جانب سے پی ڈی ایم کے بینرز ہٹانا قابل مذمت اور شرمناک فعل ہے۔ عدالت کو سرکاری وسائل کے اس طرح کے استعمال کا نوٹس لینا چاہیئے،گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ ہوگا، ہر قیمت پر ہوگا اور کامیاب بھی ہوگا کیونکہ عوام موجودہ حکمرانوں اور انکے پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں، میاں افتخارحسین نے کہا کہ تحریک کے آغاز سے ہی پی ڈی ایم کامیاب ہوچکی ہے، حکومتی خوف انکی شکست واضح کررہی ہے۔126دن دھرنا دینے والے عمران خان ایک جلسہ سے خوفزدہ ہوچکے ہیں، ایک طرف حکومت کی جانب سے اجازت کی خبریں چلائی جارہی ہیں ، دوسری جانب انتظامیہ بینرز ہٹارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم رہنمائوں کا اجلاس آج گجرانوالہ میں ہوا ، ہر صورت جلسہ کو کامیاب بنائیں گے، عوام اپنی قوت کے ذریعے واضح کردیں گے کہ حکومت کے جانے کا وقت ہوا چاہتا ہے، نئے الیکشن کے بغیر ملکی مسائل کا حل ممکن نہیں، مہنگائی سب اچھا ہے کی رپورٹ پیش کرنیوالے وزراء عوامی مسائل سے بے خبر ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت میڈیا اور سوشل میڈیا تک محدود ہوچکی ہے، عوامی مسائل کا کوئی ادراک ہی نہیں، عوام اپنے مسائل کے حل کیلئے خود نکلیں گے، حکومتی وزراء کی جانب سے دعوے جھوٹ کا پلندہ ہیں، میاں افتخارحسین نے گوجرانوالہ انتظامیہ کی جانب سے کارکنان اور بینرز لگانے والوں کو دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے مقامی کارکنان کو دھمکیاں دینے کی مذمت کرتے ہیں، دھونس دھمکیاں پی ڈی ایم کے قائدین اور کارکنان کو اپنے موقف سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹاسکتے، موجودہ حکومت کے خاتمے کیلئے صرف مہنگائی ہی کافی ہے، عوام تنگ آچکے ہیں اور حکومت سے چھٹکارے کا راستہ ڈھونڈ رہے ہیں۔ہم نے ابھی تک سول نافرمانی کا اعلان نہیں کیا، نہ ہی بل جلائے ہیں۔آئین پاکستان پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے اور کوئی بھی شخص یا ادارہ یہ حق عوام سے نہیں چھین سکتا۔

مزید پڑھیں:  آئِی ایم ایف نئے قرض پروگرام پر راضی، مذاکرات کیلئے گرین سگنل