par

باہربیٹھ کراداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنیوالوں کاہرحال میں احتساب ہوگا- وزیر دفاع پرویزخان خٹک

ویب ڈیسک (صوابی): وفاقی وزیر برائے دفاع پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عوام کے ساتھ جو وعدے کئے تھے ان وعدوں پرمن وعن عمل جاری ہے اورانشاء اللہ تمام وعدوں کوعملی جامہ پہنانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے، ماضی کے حکمرانوں نے ملک کی معیشت کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا تھا، اب حالات کو بہتر لانے کیلئے سخت فیصلے کئے گئے تا کہ ملک اپنے پاؤں پر کھڑا ہوسکے، ماضی کے حکمرانوں کی طرح ڈسپوزبل ترقی نہیں بلکہ حقیقی، مربوط اور پائیدار ترقی کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین چاہے جتنی بھی چالاکی دکھائے عوام کی آنکھوں میں اب دھول نہیں جھونک سکتے، عوام پاکستان کی ترقی کی خاطر تحریک انصاف کیساتھ صف اول میں کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع صوابی میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے ہمراہ پیہور کینال ایکسٹینشن کے ایک پر وقار افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر پرویز خان خٹک نے کہا کہ باہر بیٹھ کر اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنیوالوں کاہر حال میں احتساب ہوگا، نوازشریف سرکس کا وہ شیر ہے جو سرکس میں بھی عوام کا سامنا نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا مشن صرف اپنے آپ کو بچانا ہے، اپنے آپ کو بچانے کیلئے عوام کومشکل میں ڈال رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان دین کیلئے نہیں اسلام آباد کیلئے نکلے ہیں، اگر مولانا صاحب نے پانچ سالہ ایم ایم اے حکومت میں اسلام، عوام یا ملک کیلئے کچھ کیا ہو توعوام کے سامنے لائے تا کہ ہم بھی دیکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نیب قوانین میں ترمیم کیلئے سب کچھ کر رہی ہے اگر نیب قوانین میں اب ترمیم کی تو پھرعمران خان زندہ باد کے نعرے لگائیں گے، مگرعمران خان کووطن عزیز کا استحکام، آئین کی بقاء، قانون کی بالا دستی، چوروں کا احتساب اورمعیشت کی ترقی کی عزیز ہے نہ کہ ملک کو ڈبونے والوں کو بچایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے 10 ہزار ارب روپے سابقہ حکومتوں کے قرضوں کے سود کی مد میں ادا کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عوام کیلئے نہیں بلکہ اپنے مفادات کیلئے نکلے ہیں مگرعوام اب ان کے ہتھکنڈوں میں آنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اب ملک ڈبونے والوں اورملک کوبحرانوں سے نکالنے والوں کی اچھی طرح پہچان ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں:  سی پیک پر کام کرنیوالے چائنیز و دیگر غیر ملکیوں کیلئے ایس او پیز میں تبدیلی