موٹر وے زیادتی کیس کی متاثرہ خاتون نے ملزم عابد کی شناخت کر لی

ویب ڈسک (لاہور): تفصیلات کے مطابق موٹر وے زیادتی کیس کی متاثرہ خاتون نے ملزم عابد کی شناخت کر لی، ذرائع کے مطابق جیل میں عدالتی حکم کے تحت موٹر وے زیادتی کیس کے ملزم کی شناختی پریڈ ہوئی، جس میں متاثرہ خاتون نے ملزم عابد کو شناخت کرلیا۔
پنجاب پولیس نے ملزم عابد کی گرفتاری 12 اکتوبر کو ظاہر کی تھی، عدالت نے ملزم کو شناختی پریڈ کے لیے جیل بھجوایا تھا۔ واقعے میں ملوث دوسرے ملزم شفقت علی کی شناخت اس سے پہلے ہی ہوچکی ہے۔ دونوں ملزمان نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔
9 ستمبر کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا، ملزمان خاتون سے ایک لاکھ نقدی ، 2 تولے طلائی زیورات، ایک عدد برسلیٹ، گاڑی کا رجسٹریشن کارڈ اور 3 اے ٹی ایم کارڈز لے کر فرار ہو گئے تھے۔ ایک ملزم شفقت کو واقعے کے کچھ ہی دنوں بعد گرفتار کرلیا گیا تھا لیکن دوسرا ملزم عابد مفرور تھا جسے 12 اکتوبر گرفتار کیا گیا۔