ہمارا ہدف عمران خان نہیں وہ ایک مہرہ ہیں صرف- مریم نواز

ویب ڈیسک: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ایک بار نئے سال سے پہلے حکومت کو گھر بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایک مہرہ ہیں اور وہ ہمارا ہدف نہیں ہیں۔

لاہور میں دھرنے پر بیٹھے بلوچ طلباء سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ طلباء پاکستان کا مستقبل ہیں، لیکن ڈی جی خان، راجن پور، فاٹا اور بلوچستان کے بچے سڑکوں پر رل رہے ہیں، ان کی 600 سیٹیں واپس لے لی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا یہ کہتے ہیں پنجاب بڑا بھائی ہے، لیکن میں کہتی ہوں کہ بلوچستان بڑا بھائی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ طالب علموں کا کوٹہ بحال کرنا چاہیے، بچے تعلیم کا حق مانگ رہے ہیں اور کسی نے ان سے ملاقات نہیں کی، میں کل کوئٹہ جا رہی ہوں، وہاں بھی طلباء کا مسئلہ اٹھاؤں گی۔