خارجہ پالیسی کی کامیابی کا انحصار، معاشی استحکام کے ساتھ وابستہ ہے – شاہ محمود قریشی

ویب ڈیسک (اسلام آباد): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں زیر تربیت سول و عسکری افسران سے خطاب کیا، وزیر خارجہ نے اپنے خطاب میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات اور چیلنجز پر مفصل روشنی ڈالی، وزیر خارجہ نے خارجہ پالیسی کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے، وژن ایف او کے تحت اٹھائے گئے اقدامات سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا، مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خارجہ پالیسی کی کامیابی کا انحصار،معاشی استحکام کے ساتھ وابستہ ہے، ہم نے معاشی روابط کے فروغ کیلئے معاشی سفارت کاری کا آغاز کیا،

جس کے انتہائی حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں، پاکستان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل سمیت تمام عالمی فورمز پر موثر انداز میں اجاگر کیا، پاکستان اور افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مخلصانہ، مصالحانہ کاوشیں بروئے کارلا رہا ہے، آج خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے، خطاب کے بعد وزیر خارجہ نے زیر تربیت افسران کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے مفصل اور تسلی بخش جوابات دیے ۔