1396112712083666413354774

اسلامی نظریاتی کونسل کی طرف سے فرانس میں توہین آمیز خاکوں اور پشاور دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت

ویب ڈیسک :اسلامی نظریاتی کونسل کی طرف سے ستائیس اکتوبر یوم سیاہ ،فرانس میں توہین آمیز خاکوں اور پشاور دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے توہین رسالت روکنے کے لئے عالمی سطح پر قانون بنانے کا مطالبہ کردیا۔
​اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنے ۲۲۲ویں اجلاس کی دوسری نشست میں مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے، بھارت اور دنیا بھر کی سول سوسائٹیز، پریس اور ان اداروں کا شکریہ ادا کیا جو اس انسانی المیہ میں کشمیریوں کے جائز مطالبات کی حمایت کرتے ہیں اور ان کے حقوق کی بحالی اور ان کے حق خودارادیت کی حمایت کرتے ہیں۔ اسلامی نظریاتی کونسل کا مطالبہ ہے کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت کشمیریوں کو ان کے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔ کونسل نے فرانس میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کے اہانتی خاکوں کی اشاعت پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ فرانس کے صدر میکرون کے رویے کی سخت مذمت کی اور تجویز پیش کی کہ امن اور عمومی خیر کے فروغ کی تنظیموں کے ساتھ فعال روابط کے ذریعے عالمی ردعمل تشکیل دیا جائے۔ او آئی سی اور دیگر تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقدس شخصیات کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔ کونسل نے اس بارے میں ترکی کے صدر طیب اردگان، پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور دیگر رہنماؤں کے جرأت مندانہ مؤقف کو سراہا اور اس کی بھرپور تائید کی۔ اجلاس میں پشاور کے دینی مدرسے میں بم دھماکے کے نتیجے میں سات طالب علموں کی شہادت اور کراچی میں مولانا عادل خان کی شہادت کے حوالے سے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔

مزید پڑھیں:  بشام واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں، ممتاز زہرا بلوچ