ہفتہ عشق رسولﷺ منانے کا مقصد توہین رسالت پر ردعمل دینا ہے-وفاقی وزیر مذہبی امور

ویب ڈیسک: پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امورپیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ ہفتہ عشق رسولﷺ منانے کا مقصد توہین رسالت پر ردعمل دینا ہے،گستاخانہ خاکوں کےمعاملے پراسلامی دنیا کو کردار ادا کرنا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ جمعہ سے اگلے جمعہ تک ہفتہ عشق رسول کے عنوان سے منانے کا کابینہ نے فیصلہ کیا ہے،وفاقی و صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں، سیرت طیبہ کو اجاگر کرنے کے لئےحکومت پوری کوشش کرے گی،ہفتہ عشق رسول منانے کا مقصد فرانس اور دیگر ممالک میں ہوئی توہین رسالت پر ردعمل دینا ہے،تعلیمی اداروں میں تقریری مقابلے سوالات اور سیمینار کئے جائیں گےجبکہ وزارت خارجہ مذہبی امور اپنی سطح پر اقدامات کریں گے اور وزیر اعظم سربراہان مملکت کو خطوط لکھیں گے جبکہ کچھ سربراہان کے ساتھ وزیر اعظم فون پر بات کریں گے، وزیر اعظم مشاورت کرکے مستقل حل نکالنے کی کوشش کریں گے۔