لائٹ ویٹ ورلڈ چیمپئن خبیب نورماگومیدوف کا اسلام مخالف بیان کی شدید الفاظ میں مذمت

ویب ڈیسک :مکسڈ مارشل آرٹس میں ناقابل شکست رہنے والے لائٹ ویٹ ورلڈ چیمپئن خبیب نورماگومیدوف نے فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔خبیب نورماگو میدوف نے اپنے انسٹاگرام اکانٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے گستاخانہ خاکوں اور فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیان پر شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی خاکے بنانے والوں اور ان کے پیروکاروں کے چہروں کو بدنما کردے جو آزادی اظہار رائے کی آڑ میں ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات مجروح کرتے ہیں۔

لائٹ ویٹ ورلڈ چیمپئن خبیب نورماگومیدوف نے مزید کہا کہ ہم مسلمان ہیں، ہم اپنے نبی کریمۖ کو اپنے دل کے قریب ماں، باپ، بچوں، بیویوں اور تمام تر لوگوں سے زیادہ محبت کرتے ہیں، یقین کریں یہ اشتعال انگیزی ان کی طرف ہی واپس آئے گی۔انہوں نے کہا کہ اللہ پاک انہیں ان کی زندگی اور آخرت میں ذلیل و خوار کرے ،

اللہ جلد حساب کتاب کرتا ہے اور آپ یہ دیکھیں گے۔خیال رہے کہ فرانس میں حکومتی سرپرستی میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور پھر اس کے حق میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے بیان کے بعد دنیا بھر میں فرانس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور مسلم ممالک میں فرانسیسی اشیا کے بائیکاٹ کی مہم چل رہی ہے۔