تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی انتقال کرگئے

ویب ڈیسک (لاہور): تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کےسربراہ خادم حسین رضوی انتقال کرگئے، فیملی ذرائع کے مطابق خادم حسین رضوی کو گزشتہ چند روز سے بخار تھا، خادم حسین رضوی نے گزشتہ دنوں فیض آباد میں ہونے والے ٹی ایل پی کے دھرنے کی قیادت بھی کی تھی اور اسی دوران انہیں بخار ہوا تھا، طبعیت بگڑنے پر خادم حسین رضوی کو شیخ زاید اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے خادم حسین رضوی کو رات پونے 9 بجے کے قریب شیخ زاید اسپتال لایا گیا، خادم حسین رضوی اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی انتقال کرچکے تھے، خادم حسین رضوی کی موت کی تصدیق کیلئے ای سی جی بھی کی گئی، خادم رضوی کےساتھ اسپتال آنے والوں نے ان کی بیماری کی ہسٹری نہیں بتائی، خادم حسین رضوی کی میت اسپتال سے ان کے گھر منتقل کردی گئی ہے ،جبکہ گھر کے باہر بڑی تعداد میں ٹی ایل پی کے کارکن اور ان کے عقیدت مند جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں۔