.jpg

تمام انبیا کا احترام ہر مذھب کے پیروکار پر لازم ہے-وفاقی وزیر مذہبی امور

ویب ڈیسک (اسلام آباد):وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے دنیا بھر میں مسیحی برادری کو کرسمس کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حب الوطنی اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے پاکستان کی مسیحی برادری کا نمایاں کردار ہے۔ تمام انبیا کا احترام ہر مذھب کے پیروکار پر لازم ہے، نفرت سے ہمیشہ المیہ جنم لیتا ہے ایسے عناصر سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں، منگل کو یہاں مسیحی برادری کے زیر اہتمام منعقدہ کنونشن سے خطاب  کرتے ہوئے پیر نور الحق قادری نے کہا کہ کل کا دن سکھ برداری کے ساتھ گزرا اور آج کی شام مسیحی برادری کے ساتھ منارہے ہیں، انہو نےدنیا بھر کی مسیحی برادری کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری نے ہمیشہ ذمہ دار شہری کا کردار ادا کیا ہے، حب الوطنی اورملکی استحکام کے حوالے سے مسیحی برادری کا کردار نمایاں رہا ہے،حضرت عیسیٰ علیہ السلام سمیت تمام انبیاء کا پیغام محبت، امن، دوستی اور بھائی چارے کا پیغام ہے، تمام انبیاء نے انسانیت کی فلاح و بہبود کا کام کیا ہے، انہوں نے کہا کہ مذھب کبھی نفرتوں یا انتشار کی طرف نہیں لے کر جاتا بلکہ مذاہب اتحاد و محبت کا پیغام دیتے ہیں، مسیحیت کا بطور مذہب پیغام ہی محبت اور دوستی کا ہے، تمام انبیاء کرام کا احترام تمام مذاہب پر لازم ہے ۔فرانسیسی صدر کی گستاخی پر پاکستان، ترکی اور ایران کے ساتھ خود مسیحی دنیا نے بھی اس توہین کو مسترد کیا ہے۔جرمن چانسلر کی طرف سے بھی واضح پیغام آیا ہے۔
نفرت ہمیشہ المیوں کو جنم دیتی ہے، جو بھی نفرت کے بیج بوئے اس سے ہم بیزاری اور لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں ۔ اقلیتی برادری اور مذہبی آزادی کے حوالے سے پاکستان کا آئین واضح ہے، آئین میں کوئی شک و شبہ یا گومگو کی کیفیت نہیں ہے ۔قائد کا پیغام بھی واضح ہے جس طرح وہ اقلیتی برادری کے حقوق کی بات کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اقلیتی برادری کی بات سیاست کے لئے نہیں کرتے بلکہ یہ ان کے دل کی آواز ہے، جبری مذہب کے تمام پہلوؤں کے جائزے کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کی اعلی سطحی کمیٹی بن چکی ہے۔ 
اس قبیح فعل کا تدارک کریں گے کیونکہ قرآن کا واضح حکم ہے کہ دین کے معاملے پر کوئی جبر نہیں ہے۔آخر میں وزیر مذہبی امور نے کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔

مزید پڑھیں:  امریکی سفیر کی صدر آصف زرداری اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقاتیں