پاکستانی ٹیم کوبڑاجھٹکا، بابراعظم ،نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ سے بھی باہر

ویب ڈیسک(کرائسٹ چرچ): نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل قومی ٹیم کے لئے بری خبر ہے کہ مایہ ناز بلے باز بابر اعظم انجری سے نجات نہیں پاسکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انجری کے باعث بابر اعظم نیوزی لینڈ کےخلاف دوسرے ٹیسٹ سے بھی باہر ہوگئے ہیں، تین روز قبل انہوں نے ہلکی پریکٹس کا آغاز کیا تھا، تاہم بابر اعظم نے کل پریکٹس کے دوران ایک بار پھر انگوٹھے میں تکلیف محسوس کی، جس پر ٹیم مینجمنٹ نے بابراعظم کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی آرام دے دیا ہے۔

مایہ ناز بلے باز اور ٹیسٹ کپتان کی عدم شرکت کے بعد وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ہی کیویز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی ٹیم کی قیادت کرینگے

ڈاکٹر قومی کرکٹ ٹیم ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی انجری میں بہتری واضح ہے، انہوں نے گزشتہ روز باقاعدہ نیٹ سیشن میں حصہ لیا ہے۔ ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ بابر اعظم قومی ٹیم کے کپتان اور اہم ترین بیٹسمین ہیں، لہٰذا ہم کوئی جلد بازی نہیں کریں گے۔

ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ میڈیکل ٹیم بابر اعظم کی انجری کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور ہم پر امید ہیں کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے ہمیں مکمل طور پر دستیاب ہوں گے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ:
محمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر)، سرفراز احمد، عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، ظفر گوہر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف۔ بابر اعظم اور شاداب انجری کا شکار ہیں۔

واضح رہے کہ بابر اعظم پہلے ٹیسٹ سے قبل پریکٹس کے دوران بابر اعظم انگوٹھے پر گیند لگنےسے زخمی ہوئے تھے۔

پی سی بی کی جانب سے بھی بابر اعظم کی دوسرے ٹیسٹ میں عدم شرکت کی ٹوئٹ کردی گئی ہے۔