240934 5060959 updates

ورون دھون 24 جنوری کو شادی کے بندھن میں بندھ جائینگے

ویب ڈیسک :بالی وڈ کے معروف اداکار ورون دھون اور نتاشا دلال کی شادی سے متعلق تمام تر تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ ورون اور نتاشا بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر کے علی باغ میں 24 جنوری کے دن شادی کریں گے۔

ورون دھون اور نتاشا دلال کی شادی کی تقریبات کا آغاز 22 جنوری سے ہو گا اور 26 جنوری کو ممبئی میں ان کا گرینڈ ریسیپشن ہو گا جس میں بالی وڈ شخصیات شرکت کریں گی۔ شادی کے اس موقع پر ورون دھون کی ہونے والی بیوی ڈیزائنر نتاشا دلال اپنا عروسی جوڑا خود ڈیزائن کریں گی جب کہ اداکار ورون دھون کنال راول کا ڈیزائن کردہ لباس پہنیں گے۔ ورون کی شادی کی تقریبات کا آغاز سنگیت نائٹ سے ہوگا جس میں سلمان خان، ارجن کپور، سارہ علی خان، ملائیکا اروڑا، جھانوی کپور، کرن جوہر اور دیگر بالی وڈ شخصیات شرکت کریں گی۔

ڈیویڈ دھون کا کہنا ہے کہ شادی میں صرف مخصوص لوگ ہوں گے۔ کیوں کہ کورونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا ہے اس لئے دونوں فیملیز کے 50 ہی لوگ موجود ہوں گے یہاں تک کہ شادی میں دوستوں کو بھی نہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کیوں کہ اگر ایک کو بلائیں گے تو دوسرا بُرا مان جائے گا۔ اس لئے دونوں خاندانوں نے باہمی رضامندی کے بعد مختصر افراد میں شادی کرنے کا کہا ہے۔