این اے 171 رحیم یارخان 3

انتخابی مہم ختم، این اے 171 رحیم یارخان 3 پر ضمنی انتخاب کل ہوگا

ویب ڈیسک: این اے 171 رحیم یارخان 3 پر ضمنی انتخاب کل ہوگا، اس نشست کیلئے کی جانیوالی انتخابی مہم وقت پورا ہونے پر ختم کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق این اے 171 رحیم یارخان 3 میں ضمنی الیکشن کیلئے انتخابی مہم کا وقت ختم ہوگیا جس کے بعد پولنگ کل 12 ستمبر کو ہوگی۔
اس حلقہ پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں 7 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، پیپلز پارٹی کے مخدوم طاہر رشیدالدین اور تحریک انصاف کے امیدوار حسان مصطفی ایڈووکیٹ کے درمیان کانتے کا مقابلہ متوقع ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ میں کل 5 لاکھ 26 ہزار 9 سو 73 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی کل 12 ستمبر کو استعمال کریں گے، اس حلقہ میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 88 ہزار 113 جبکہ خواتین ووٹرز 2 لاکھ 38 ہزار 860 ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن ممتاز مصطفیٰ ایڈووکیٹ کے انتقال پر یہ نشست خالی ہوئی تھی۔
این اے 171 میں ضمنی انتخاب کے پرامن انعقاد کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پابندی کا اطلاق 11 ستمبر سے 13 ستمبر تک ہوگا۔
اس دوران ہر قسم کے اسلحے کی نمائش، فائرنگ اور الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر پابندی ہوگی۔

مزید پڑھیں:  جعلی پارلیمنٹ کے پاس آئینی ترامیم کا حق نہیں، مولانا فضل الرحمن