20سے زائد مزدور اغواء

بلوچستان میں گیس کمپنی کے کیمپ پرحملہ ،20سے زائد مزدور اغواء

ویب ڈیسک: بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں مسلح افراد نے گیس کمپنی کے کیمپ پرحملہ کرکے 20سے زائدمزدوروں کو اغواء کر لیا ۔
پولیس کے مطابق مزدور قومی شاہراہ پر تعمیراتی کمپنی کے کیمپ میں کام کر رہے تھے کہ اس دوران مسلح افراد نے پہلے کیمپ پر فائرنگ کی اور پھر مزدوروں کو اغوا کر کے لے گئے۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے کمپنی کے زیر استعمال آٹھ بلڈوزروں کو بھی نذر آتش کر دیا ہے ۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر مزدوروں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجگور کے علاقے خدا بدن میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کرکے 7مزدوروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا جبکہ ایک مزدور شدید زخمی ہوا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مرنے والوں کا تعلق پنجاب کے شہر ملتان سے ہے جنہیں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے دہشت گردوں نے سفاکی اور بے دردی سے قتل کیا۔
مقتولین خدا بدن میں گھر کی تعمیر کے لیے مزدوری کر رہے تھے جن میں ساجد، فیاض، خالد، شفیق، افتخار، سلمان اور بلال شامل ہیں جبکہ زخمی کی شناخت محمد رمضان کے نام سے ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم کا پنجگور واقعے کا نوٹس، رپورٹ مانگ لی