فلسطین کے دو ریاستی حل کی بات

فلسطین کے دو ریاستی حل کی بات امریکہ و اسرائیل کو خوش کرنا ہے،حافظ نعیم

ویب ڈیسک: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی بات کرنا امریکہ و اسرائیل کو خوش کرنا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت نے راولپنڈی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے اب اسے اس کا خمیازہ بھی بھگتنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگی بجلی آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں اور عوام و تاجروں پر ظالمانہ ٹیکس کے خلاف ملک بھر میں دھرنوں سے حق دو عوام تحریک کا اگلا مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ ہمارے پاس اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ اور ایک یا تین دن کی ہڑتال کا آپشن بھی موجود ہے،23تا27اکتوبر ملک بھر میں بجلی کے بل ادا نہ کرنے کے حوالے سے عوامی ریفرنڈم بھی کرایا جائے گا۔
نعیم الرحمن نے اسرائیل کی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف اور اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے منائے جانے والے ہفتہ کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ 2 اکتوبر کو چترال اور 4 اکتوبر کو فیصل آباد میں جلسہ عام ہوں گے، 6 اکتوبر کو کراچی میں شاہراہ فیصل پر تاریخی غزہ ولبنان ملین مارچہوگا اور 7 اکتوبر ملک بھر میں عوام اور ہر طبقے سے وابستہ افراد 12 بجے دن سڑکوں پر نکل کر اسرائیل کے خلاف احتجاج کریں گے۔
ہم حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ 7اکتوبر کو سرکاری سطح پر احتجاج کا اعلان کریں تاکہ پورے ملک سے اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی کے خلاف واضح اور موثر پیغام پوری دنیا میں جائے، قبلہ اول کی آزادی پوری امت کا معاملہ ہے، یہ کسی پارٹی کا مسئلہ نہیں پوری امت کا مسئلہ ہے ہم اہل غزہ سے یکجہتی اور اسرائیل کے حوالے سے ایک نکاتی ایجنڈے پر حکومت و اپوزیشن سمیت تمام پارٹیوں سے رابطے اور ملاقاتیں کریں گے۔
نہوں نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ اور حسن نصر اللہ سے قبل شیخ احمد یاسین اور ابراہیم رئیسی بھی اسرائیل کی دہشت گردی کا نشانہ بن چکے ہیں،حسن نصر اللہ کی شہادت پر امریکی صدر نے واضح طور پر کہا ہے کہ ہم اپنے اہداف کا حصول جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی حکمرانوں میں اسرائیل کے حوالے سے اتفاق رائے پایا جاتا ہے لیکن امریکی عوام اورمغربی ممالک کے عوام بھی اپنی حکومتوں کی اسرائیل کی حمایت کرنے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے یو این او میں کشمیر اور فلسطین کی بات تو کی مگر دو ریاستی حل کی بات کر کے امریکہ واسرائیل کو خوش کرنے کی کوشش کی جو ہمارے قومی موقف کے خلاف ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل نے حسن نصر اللہ کے قتل کی تفصیلات جاری کردیں