1580483466

وزیراعظم نے احساس کفالت پروگرام کا باضابطہ افتتاح کر دیا


وزیراعظم عمران خان نے جمعے کے روز اسلام آباد میں باضابطہ طور پر احساس کفالت پروگرام کا آغاز کیا جس کا مقصد ملک بھر میں سترلاکھ مستحق ترین خواتین کو تین مرحلوں میں مالی طور پر بااختیار بنانا ہے

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک کو ریاست مدینہ کی طرز پر ایک فلاحی ریاست بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے سماجی بہبود کے پروگرام پاکستان کو سماجی مساوات پر مبنی ملک میں تبدیل کر دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے اب تک ساٹھ لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈز دیئے ہیں جو اب سات لاکھ بیس ہزار روپے تک کا علاج معالجہ مفت کرا سکتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت دیئے جانے والے قرضوں سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں اور چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو فروغ حاصل ہو گا۔

مزید پڑھیں:  چینی قافلہ پر خودکش حملہ، گاڑی بم پروف نہیں تھی، فرانزک رپورٹ

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقوں کی مدد کی غرض سے احساس پروگرام کے لئے تقریباً دو سو ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کفالت پروگرام کے تحت خواتین کے بینک اکاؤنٹ کھولنے سے ان کے پیسوں کی چوری روکنے میں مدد ملے گی اور وہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن سے ضروری اشیاء بھی خرید سکیں گی۔

عمران خان نے پروگرام سے استفادہ کرنیوالی خواتین کو سمارٹ فون کی فراہمی کی بھی تعریف کی جس سے ان کے اور ان کے اہل خانہ کے لئے نئی دنیا کی راہیں کھلیں گی۔

انہوں نے کہا کہ صحت کی مناسب سہولتوں کی عدم دستیابی اور غذائی قلت غریب عوام کو درپیش دو بڑے مسائل ہیں۔

اس سے پہلے سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کے بارے میں وزیراعظم کی خصوصی معاون ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ حکومت مستحق افراد کی نشاندہی کے لئے نادرا کا ریکارڈ استعمال اور سروے کرے گی تاکہ غیرمستحق افراد سکیم سے استفادہ نہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل کی سطح پر مستحق افراد کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  افغانستان سے پاکستان اسلحہ سمگلنگ ناکام، بھاری اسلحہ برآمد

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ سکیم سے استفادہ کرنے والی ہر خاتون کا بینک اکاؤنٹ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سکیم کے تحت امدادی رقم وصول کرنے والی خواتین کو سمارٹ فونز دیئے جائینگے تاکہ رقوم کی منتقلیوں اور احساس پروگرام کے تحت دیکر کارآمد منصوبوں سے فائدا اٹھانے کے لئے انہیں سہولت فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کفالت پروگرام میں ستر لاکھ خاندانوں کو شامل کیا جا رہا ہے جن میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے چالیس لاکھ خاندان بھی شامل ہیں۔

کفالت پروگرام ملک بھر کے ستر ضلعوں میں شروع کیا گیا ہے جبکہ باقی ضلعوں کے لئے شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں