پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا سعودی عرب کا سرکاری دورہ

ویب ڈیسک : پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا سعودی عرب کا سرکاری دورہ، ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ سربراہ پاک بحریہ نے سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف اور کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، ریاض میں رائل سعودی نیول فورسز کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغفیلی نے سربراہ پاک بحریہ کا استقبال کیا،

ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو رائل سعودی نیول فورسز ہیڈکوارٹرز آمد پر روایتی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، اس موقع پر امیر البحر کو رائل سعودی نیول فورسز اور اس کے جاری آپریشنز سے متعلق بریفنگ دی گئی، نیول چیف نے رائل سعودی نیول فورسز کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا بھی دورہ کیا۔

ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ملاقاتوں میں رائل سعودی نیول فورسز کی صلاحیت میں اضافے اور عسکری تربیت کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا گیا، سعودی حکام نے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو سراہا اور علاقے میں امن و استحکام کے سلسلے میں کیے جانے والے پاک بحریہ کے اقدامات کی تعریف کی۔

نیول چیف کا یہ دورہ دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔