imgShireen Mazari1607618798

وزارت انسانی حقوق کے تحت پاکستان کا پہلا انسانی حقوق پورٹل اجرا کیلئے تیار

ویب ڈیسک (اسلام آباد )وزارت انسانی حقوق کے تحت پاکستان کا پہلا انسانی حقوق پورٹل اجرا کیلئے تیارکر لیا گیا ۔اہم ترین پورٹل کی تیاری یورپی یونین کے اشتراک اور اعانت سے کی گئی ہے ۔طلبہ ، اساتذہ ، محققین ، وکلا ، سول سوسائٹی اور عام شہریوں معلومات تک رسائی آسان ہوگئی ۔پورٹل پاکستان میں انسانی حقوق کے شعبے میں انسانی حقوق کے قوانین، اس پر عملدرآمد اور اس میں پائے جانے والے خلا کے بارے میں آگاہی کے فروغ، نئے اقدامات، تحقیق ، پالیسیوں اور حل تلاش کرنے میں سہولت فراہم کرنے والے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔

اس پورٹل پر پاکستان کے مقامی ادارہ جاتی انسانی حقوق کے فریم ورک اور عالمی معاہدوں کے علاوہ انسانی حقوق کے اہم مسائل پر حکومت، سول سوسائٹی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے اداروں کی شائع کردہ مطبوعات پر جامع مواد شامل ہوگا۔ پورٹل شہریوں کو آئین میں فراہم کردہ انسانی حقوق کے علاوہ وفاقی اور صوبائی قانون سازی کے ذریعے یقینی بنائے جانے والے حقوق کے بارے میں بھی آگاہی دے گا۔ قوانین کو صوبوں کیساتھ ساتھ مختلف موضوعاتی شعبہ جات بشمول شہری، سیاسی اور معاشی حقوق، بچوں کے حقوق، خواتین کے حقوق، اقلیتوں کے حقوق وغیرہ جیسی اقسام میں تقسیم کیا گیا ہے ۔پورتل پر انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے قائم کیے گئے ۔مختلف اداروں بشمول قانون ساز باڈیز، انسانی حقوق کی کمیٹیوں، اور انسانی حقوق کے صوبائی محکموں پر بھی معلومات مہیا کی گئی ہیں ۔

مزید پڑھیں:  وفاقی کابینہ کا کل ہونے والا اجلاس ملتوی

علاوہ ازیں انسانی حقوق کے لیے سرگرم افراد کے فائدہ کے لیے تفصیلی ٹریننگ کے وسائل اور مواد بھی پورٹل پر دستیاب بنائے گئے ہیں ۔ ٹریننگ کے وسائل میں متعدد موضوعات جیسا کہ پاکستان کی انسانی حقوق کے حوالے سے بین الاقوامی زمہ داریاں اور انسانی حقوق کے بارے میں اعدادوشمار جمع اور مرتب کرنے جیسے کئی اہم موضوعات بھی شامل ہوں گے۔ مزید بر آں عدلیہ، استغاثہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت کار کو فروغ دینے کیلئے تربیت کے روائتی وسائل کی فراہمی پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی ۔

پاکستان میں انسانی حقوق کے فروغ کے حوالے سے اس اہم ترین پورٹل کے اجرا کے بارے میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ ” انسانی حقوق کے وسائل کا پورٹل ایک جدید اور اہم قدم ہے ۔ اس کی بدولت پاکستان میں انسانی حقوق کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینے کے لیے شہریوں کو اہم معلومات تک رسائی ملے گی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزارت کے اس اقدام سے شہریوں کی انسانی حقوق میں دلچسپی بڑھے گی اور ایسا ماحول پیدا ہوگا جس میں لوگ اپنے حقوق سے متعلق زیادہ حساس ہوں ۔”سیکرٹری وزارت انسانی حقوق انعام اللہ خان نے اس موقع پر وزارت کے اس اقدام کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین اور وزارت انسانی حقوق کے درمیان اس پورٹل کو قائم کرنے میں اشتراک اچھی گورننس کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

مزید پڑھیں:  سانحہ 9 مئی کے 5 ملزمان ضمانت حاصل کرنے کے بعد دوبارہ گرفتار

یہ پلیٹ فارم طلبا، تعلیم سے وابستہ لوگوں، محققین، وکلا، پالیسی سازوں اور عام لوگوں کی پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے جدید اور متعلقہ معلومات تک رسائی کو یقینی بنائے ہے۔اس موقع پر پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر، محترمہ اندرولا کامینارا نے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدام جمہوریت، قانون کی حکمرانی، بہتر گورننس اور پاکستان اور یورپی یونین کے مابین طے کیے گئے انسانی حقوق کے تزویراتی شراکت کے منصوبے کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شفاف اور جمہوری کمیونٹی میں عوام کے لیے معلومات تک رسائی بہت اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انسانی حقوق سے متعلق کلیدی معلومات کا تفصیلی مجموعہ اور اسکی ڈیجیٹلائزیشن اور پاکستانی شہریوں کی اس تک کھلی رسائی اس ہدف کی جانب ایک اہم قدم ہے۔شہری اور تمام متعلقہ حلقے اس حوالے سے مزید معلومات کیلئے اس پورٹل کے ویب لنک https://portal.mohr.gov.pk کو بھی وزٹ کر سکتے ہیں ۔