624787 2111457 1101 updates

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کاخواتین کے عالمی دن سے منعقدہ تقریب سے خطاب

لاہور: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ صرف 8 مارچ نہیں ہر دن خواتین کو طاقتور اور با اختیار بنانے کا دن ہے، وزیر اعظم عمرا ن خا ن جو ریاست مدینہ کے طرز پر جس ریاست کی تعمیر و ترقی کیلئے کوشاں ہیں اس میں جب تک ہماری خواتین معاشی، سیاسی، معاشرتی، آئینی اور قانونی محاذ پر عملی طور پر با اختیار اور طاقتور نہ ہوں تو ریاست مدینہ کی طرف بڑھنے کا پاکستان کا یہ سفر پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا، استحصال کے خلاف خواتین کو طاقت دینے کیلئے دین اسلام کا ظہور ہوا، اسلام میں خواتین کی حدود کا تعین ہو چکا ہے، میرے علم میں جہاں تک ہے چادر اور چار دیواری کو پامال کئے بغیر دنیا ہمارے سامنے کھلی ہوئی ہے اور ہم جس سمت میں چاہیں آگے بڑھ سکتیں ہیں، پاکستان میں خواتین کے حقوق کے لئے بے چین تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے ساتھ ہونے والے مظالم اور ان کی بے حرمتی کیوں نظر نہیں آتی، اقوام متحدہ نے اس پر کیوں آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے یو این ایف پی اے اور محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آشفہ ریاض فتیانہ، ڈاکٹر جویریہ، شاہین عتیق الرحمان، اصغر زیدی ، رخسانہ گیلانی، مہناز رفیع اور زندگی کے مختلف شعبوں میں خدمات سر انجام دینے والی خواتین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ ڈ ا کٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج کا دن ہمیں ان خواتین کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ایک کاز کیلئے جدوجہد کی تھی،اس پلیٹ فارم سے پیغام دینا ہے کہ جو بھی ہماری تبدیلی کا پارٹنر ہے ہم اس کوسپورٹ کرتے ہیں اور اس کی تائید بھی کرتے ہیں۔ ا نہو ں نے کہا کہ یو این ایف پی اے کی سپورٹ کے بغیر اس حسین تقریب کا انعقاد نہیں ہو سکتا تھا، وزارت ویمن ڈویلپمنٹ نے جو خوبصورت گلدستہ سجایا ہے، یہ اس بات کی عکاسی ہے کہ پاکستان کے اندر ہر شعبے میں خواتین اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کیلئے پر عزم ہیں اور آج کا پروگرام تمام شعبہ سے تعلق رکھنے والی خواتین کی کاوشوں اورخدمات کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ مارچ کا عالمی دن خصوصی طو رپر اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے خواتین کے نام سے مخصوص کیا گیا ہے، دیکھنا یہ ہے کہ اس دن کی ضرورت کیوں پڑی، آٹھ مارچ ہی کیوں، ہر دن خواتین کو طاقتور اور با اختیار بنانے کا دن ہے، ہر آنے والی گھڑی خواتین کو طاقتور بنانے کی سوچ سے جڑی ہوئی روڈ میپ ہے، مجھے فخر ہے کہ میں ایک مسلم معاشرے میں اسلامی فلاحی ریاست کی شہری ہوں اور اس دین کی پیرو کار ہوں جس کی بنیادوں سے جڑا نظریہ اورپیغام رنگ ونسل اور مذہب سے ہٹ کر انسانیت کا پیغام ہے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان اور ایران کےمابین باہمی سیکیورٹی تعاون سمیت 8معاہدوں پر دستخط