صدر آصف زرداری سینیٹ انتخابات کےموقع پرایوان میں پہنچ گئے

ویب ڈیسک (اسلام آباد)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری سینیٹ انتخابات کے موقع پر ایوان میں پہنچ گئے۔

آصف زرداری کی ایوان میں آمد کے موقع پر اپوزیشن ارکان نے تالیاں بجائیں، اس موقع پر سابق صدر نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔

ایوان میں آصف زرداری اور شہباز شریف کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا،جبکہ اپوزیشن کے دیگر رہنماء بھی دونوں رہنماؤں کے گرد جمع ہو گئے۔

زرداری اور شہباز کی ایوان میں ملاقات کے موقع پر بلاول بھٹو ،خواجہ آصف اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

قومی اسمبلی کے باہر صحافی نے سابق صدر آصف زرداری سے سوال کیا کہ آپ نے پیش گوئی کی تھی کہ حکومت مارچ میں چلی جائے گی، جس پر انہوں نے جواب میں کہا کہ حکومت تو گئی ہوئی ہے،جو ان کو نہیں جانے دینا چاہتے وہ سنبھال کر بیٹھے ہیں۔

سابق صدر سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا سینیٹ الیکشن میں بھی ان کا ہاتھ ہے، اس پر مسکراتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ان کا ہاتھ کب نہیں رہا۔

زرداری سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ کو وہ قوتیں غیر جانبدار نظر آ رہی ہیں؟ جواب میں سابق صدر نے صحافی سے ہی سوال کیا کہ کہا کیا آپکو نظر آرہی ہیں۔

واضح رہے کہ سابق صدر آصف زرداری نے قومی اسمبلی میں ووٹ کاسٹ کر دیا ہے۔

اس سے قبل ان کا بیلٹ پیپر ضائع ہو گیا تھا، انہوں نے نئے بیلٹ پیپر کی درخواست دی تھی جس کے بعد انہیں دوسرا بیلٹ پیپر جاری کیا گیا،بیلٹ پیپر پر ہاتھ ہل جانے سے غیر متعلقہ جگہ پرنشان لگ گیا تھا۔