یوسف رضا گیلانی کا سینیٹر بننا موجودہ حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار ہے- اسفندیار ولی خان

ویب ڈیسک (اسلام آباد):عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات کے بعد وزیراعظم عمران خان اس عہدے پر رہنے کا جواز کھو چکے ہیں، یوسف رضا گیلانی کی جیت جمہوریت ہے اور حکومت کے خلاف ریفرنڈم میں عوام کے بعد اراکین قومی اسمبلی نے بھی اپنا فیصلہ سنا دیا۔

اے این پی سربراہ اسفندیار ولی خان نےیوسف رضا گیلانی کو سینیٹر بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کا سینیٹر بننا موجودہ حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار ہے، یوسف رضا گیلانی جس بھی حکومتی عہدے پر رہے ہیں انہوں نے ہمیشہ پارلیمان کی بالادستی اور آئین کو مقدم رکھا۔

بحیثیت وزیراعظم انہوں نے ہمیشہ پوری پارلیمان کو اپنے ساتھ رکھا اور خوش اسلوبی کے ساتھ ایوان کی قیادت کی، اے این پی سربراہ نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی ایک تجربہ کار سیاستدان ہیں جنہوں نے جمہوریت کی بحالی، آئین اور پارلیمان کی بالادستی کیلئے صعوبتیں برداشت کیں لیکن آمریت کے خلاف کھڑے رہے، بحیثیت سپیکر قومی اسمبلی بھی وہ ایک نہایت کامیاب سیاستدان رہے، قومی اسمبلی کے اراکین نے انہیں ووٹ دے کر دراصل حکومت کے خلاف ریفرنڈم کامیاب بنایا ہے، جس پر تمام اراکین قومی اسمبلی اور بالخصوص پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے تمام قائدین مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اپوزیشن کے اتحاد کے ذریعے اس حکومت کے خاتمے کیلئے جاری جدوجہد میں مزید تیزی آئیگی اور یہ اس حکومت کے خاتمے کی جانب ایک بڑا قدم ہے، عوامی نیشنل پارٹی سیدیوسف رضا گیلانی، آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔