4 319

فلسفۂ زرداری کی فتح

نتخابی مہم کے دوران سینیٹ انتخابات کا بازار پوری طرح سج رہا۔بھائو تائو کرنے والے میدان میں دندناتے رہے ۔کروڑوں روپے کی تھیلیاں اُٹھائے کاروباری شخصیات نے اسلام آباد کا رخ کر لیا تھا۔ دارالحکومت کے پوش علاقوں کے بنگلوں اور مارکیٹوں میں قائم چائے خانوں کی رونقیں دوبالا رہیں ۔اس محفل کی سب سے نمایاں شخصیت آصف علی زرداری ہیں ۔جو اسم بامسمیٰ ہیں ۔پیسہ کمانے کے ہنر میں طاق ہیں ۔خداجانے وہ کون سا منتر ہے جسے پڑھ کر پھونکیں تو کورے کاغذ کو بھی ڈالر بنادیتے ہیں۔یہ فن مسلم لیگ ن کی قیادت پر بھی ختم ہے۔پی ٹی آئی بھی عمران خان کے سوا سی کلچر کی خوگر ہے مگر آصف علی زرداری کی تو بات ہی اور ہے وہ اس فن میں پی ایچ ڈی ہیں۔اپنی شخصیت کے ان کمالات کے ساتھ آصف زرداری خرابی ٔ صحت کی تمام کہانیوں اور افسانوں کو جھٹک کر اسلام آباد میں آکر ڈیرہ جمائیں تو حکومت کے لئے خطرہ کی گھنٹی بج اُٹھنا لازم ہے ۔آصف زرداری کی سینیٹ انتخابات میں دلچسپی دیکھ کر بڑے بڑوں کی توجہ ان کی جانب مبذول ہونا لازمی ہے ۔ شاخ بدلنے کے لئے بے تاب تحریک انصاف کے پنچھی بھی بے ساختہ اس جانب للچائی ہوئی نظروں سے دیکھنے پر مجبور ہوتے رہے۔ایسے میں آصف زرداری نے اسلام آباد کی نشست پر سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی کومیدان میں اُتار دیا۔اس فیصلے نے حکومت کو ایک امتحان گاہ میں لاکھڑا کیا ۔ ایک طرف مال کی چمک کے کمالات کا خوف تو دوسری طرف ڈھائی سال کی بے اعتنائی کا شکار ہونے والے ارکان کے رویے حکومت کو پریشان کرنے کے لئے کافی تھے ۔ آصف زداری کے” گیلانی کارڈ ”کے بعد اتنا ہوا کہ حکومت نے اپنے بیک بنچرز اور پچھلی صفوں میں دُبکے اور ناراض بیٹھے لوگوں تک رسائی کا فیصلہ کیا ۔ عمران خان نے حکومتی اور اتحادی ارکان سے ملاقاتوں کاسلسلہ شروع کیا ۔سینیٹ الیکشن نہ ہوتا تو شاید یہ ارکان اگلے ڈھائی سال بھی اس سعادت سے محروم رہتے ۔حکومت نے سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے اوپن بیلٹنگ میں پناہ لینے کی کوشش کی مگر پہلے اپوزیشن اور بعدازاں الیکشن کمیشن نے اس عمل میں حکومت کا ساتھ دینے سے انکار کیا یوں معاملہ راہنمائی کے لئے سپریم کورٹ میں چلاگیا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے اوپن بیلٹنگ کے حوالے سے صدارتی ریفرنس پر اپنا محفوظ فیصلہ سنادیا ہے جس کے تحت سینیٹ کے انتخابات خفیہ رائے شماری سے ہی ہوں گے مگر الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہوگی کہ ووٹنگ کے عمل کو شفاف بنایا جائے۔تمام ادارے الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کے پابند ہیں مگر ووٹ ہمیشہ کے لئے خفیہ نہیں رہ سکتا۔صدر عارف علوی نے سینیٹ کے انتخابات خفیہ کی بجائے اوپن بیلٹنگ کے ذریعے کرانے کا آرڈی ننس جاری کیا تھا مگر قانون ساز اداروں میں اکثریت نہ ہونے اور اپوزیشن کی مخالفت کی وجہ سے قانون منظور نہ کرایا جا سکا ۔ عدالت نے ”سب کا بھلا سب کی خیر ” یا” وِن وِن” پوزیشن سے نوا ز کر ایک درمیانی راستہ نکالا۔ عدالت نے جہاں الیکشن کے عمل کو شفاف بنانے کی ہدایت کی وہیں آئین میں درج طریقہ کار پر عمل درآمد کرنے کی رائے بھی ظاہر کی ۔پانامہ کیس کے فیصلے کی طرح حکومت اور اپوزیشن اس کی من پسند تشریح کرکے ڈھول تاشے بجاتے رہے۔ اپوزیشن کے خیال میں عدالت نے اوپن بیلٹنگ کا موقف مستر د کردیا جبکہ حکومت کا کہنا تھا کہ عدالت نے خفیہ رائے شماری کا طریقہ بے بدل نہیں کہہ کر اوپن بیلٹنگ کے حق میں فیصلہ سنادیا ہے ۔جس کے بعد گیند الیکشن کمیشن کے کورٹ میں چلی گئی۔الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کے عمل کو شفاف بنانے میں چنداں دلچسپی نہیں لی اور نظام ِکہن کو جاری رکھنے میں معاونت کا راستہ اختیار کیا ۔خفیہ رائے دہی کا وہی پرانا طریقہ اپنایا گیا جس نے سیاست اور جمہوری ایوانوں کا بازار بنا رکھا ہے۔نتیجہ وہی نکلا جو نوشتۂ دیوار تھا ۔انتخابات سے پہلے سید یوسف رضاگیلانی کے صاحبزادے پی ٹی آئی کے لوگوں کو ووٹ خراب کرنے کا طریقہ بتاتے پائے گئے ۔بعد میں اسی طریقہ کار پر عمل ہوا۔یوسف رضاگیلانی جیت گئے اور حفیظ شیخ کو شکست ہو گئی ۔حکومتی نمائندے کی اس انداز کی شکست بہت سوں کے لئے غیر متوقع تھی مگر آصف زرداری کی سیاست کو سمجھنے والے جانتے ہیں اس طرح کی کامیابیاں ان کے بائیں ہاتھ کا کھیل ہیں ۔حقیقت میں یہ دو فلسفوں کے درمیان معرکہ ہوا،اس میں عمران خان کا فلسفہ ہار گیا اور آصف زرداری کا فلسفہ جیت گیا ۔اس کے بعد کیا ہوتا ہے یہ پرت در پرت کھلتا چلا جائے گا ۔عمران حکومت کی بنیادیں اس نتیجے سے ہل کر رہ گئی ہیں مگر حقیقت میں عمران خان کی حکومت روز اول سے ہی شاخ ِنازک پر قائم آشیانہ رہی ہے ۔حالات کے جبر کے نتیجے میں بننے والے اتحادیوں اور نظریہ ضرورت کی بنیاد پرکھڑی یہ حکومت پہلے دن سے ہی لڑکھڑاتی رہی ہے ۔اب اگر حکومت لڑکھڑا کر گرجاتی ہے جس کا سردست امکان نہیں تو اس میں اچنبھا نہیں ہونا چاہئے مگر عمران خان کی سیاست ختم ہوجائے گی اور وہ خاموش ہو کر بنی گالہ میں بیٹھ جائیں گے یہ اسی طرح ایک خیال خام ہے جس طرح انہیں اصغر خان بن جانے کے طعنے اور پیش گوئیاں ناکام ثابت ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں:  موت کا کنواں