مہنگائی میں‌ روزبروزاضافہ، چکن کی قیمت 261 روپےفی کلوتک پہنچ گئی

ویب ڈیسک (پشاور) پشاور میں مرغی ملے گی اب سونے کے بھاو،مرغی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح کو پہنچ گئی
شہر میں چکن 261 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا۔

چکن کی قیمت کو پر لگ گئے پہلے ہی سے مہنگائی کے مارے عوام اور پریشان ہو گئے ہیں جبکہ انتظامیہ قیمتیں کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔

مہنگائی بے لگام ہوچکی ہے اور اشیائے خوردو نوش کی قیمتیں روز بروز بڑھتی جارہی ہیں،سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو بھی ہوا لگ گئی ہے۔

ایک طرف مہنگائی کا طوفان تو دوسری جانب شہر میں دودھ فروش اور قصابوں نے اپنی من مانی قیمتوں میں دودھ اور گوشت بیچنا شروع کردیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے نرخنامےکے باوجود شہر کے متعدد علاقوں میں دودھ 150 روپے میں فروخت ہونے لگاجبکہ قصابوں نے بھی گوشت 450 سے پانچ سو روپے کلو میں گوشت فروخت کرنا شروع کردیا ہے۔

پشاور کے علاقے صدر ، نوتھیہ، اندر شہر، گلبہار ، فقیر اباد، دلزاک روڈ ، ہشتنگری ، یکہ توت، بھانہ ماڑی سمیت متعدد علاقوں میں مہنگی اشیاء خوردو ونوش فروخت ہونے لگی۔

اشیائےخوردونوش عام آدمی کی پہنچ سے دور ہورہی ہیں اورعوام حکمرانوں سے مایوس نظر آتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ اس دور میں غریب آدمی سبزیاں بھی خریدنے کے قابل نہیں رہا۔

عوام کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ روزمرہ کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کرکے ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ غریب آسانی سے اپنی زندگی بسرکر سکے۔