کب، کہاں اورکس کیخلاف عدم اعتمادلاناہے،فیصلہ پی ڈی ایم کرےگی، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک (اسلام آباد)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیاست ناممکن کو ممکن بنانے کے فن کا نام ہے اورسینیٹ کی ایک نشست نے ناممکن کو ممکن بنا دیا اورحکومت کے لیے ہردروازے بند ہوتے جارہے ہیں۔

اسلام آباد میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ظہرانے سے خطاب کے دوران کہا کہ ہم سب پی ڈی ایم کی جیت کا جشن منانے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا پر پابندی اور عدالت پر دباؤ ڈالنے کے بعد اراکین قومی اسمبلی پر حملہ کرکے نئی روش کی بنیاد ڈالی گئی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے پی ڈی ایم کے کارڈ سے ثابت کردیا کہ حکومت کتنی کمزور ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف سیاسی اتحاد ہے جو جمہوریت کے لیے یکجاں ہیں اور دوسری طرف ایک کمزور شخص ہے جو اپنے اندر ناکامی کا طوفان دیکھ رہا ہے اور وہ اپنا توازن کھورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی ایک نشست نےپورے نظام کوبےنقاب کردیا۔

انہوں نے کہا کہ کب، کہاں اور کس کےخلاف عدم اعتماد ہوگا یہ فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی،اب پی ڈی ایم بتائے گی کہ آپ کب تک وزارت عظمیٰ کی نشست پر بیٹھیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان، سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری کی حکمت عملی کا مقابلہ کٹھ پتلی نہیں کر سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کےباہر لیگی رہنماؤں پر حملےکی وزیر اعظم عمران خان نےمذمت کی نہ ہی افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں کواس لیےحقوق حاصل ہیں کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے 18ویں ترمیم منظور کرائی تھی۔