EvfqvufWYAEwgT0

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین کی حمزہ شہباز شریف کی رہائش گاہ آمد

ویب ڈیسک (لاہور)لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور نون لیگی رہنما حمزہ شہباز شریف سے ان کی ماڈل ٹاؤن میں واقع رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے۔

حمزہ شہباز اور بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر اور سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے۔

اپوزیشن کی پنجاب اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی نشست پر نظریں ہیں جس کے لیے حزبِ اختلاف نے حکومت کے خلاف نئے معرکے کی تیاری کر لی۔

مزید پڑھیں:  ملک میں مزدور کی اوسط یومیہ اجرت 1134روپے ہے، ادارہ شماریات

پی ڈی ایم رہنماؤں نے اپوزیشن کے لانگ مارچ، پنجاب میں اِن ہاؤس تبدیلی اور یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ لانے سمیت حکومت کے خلاف حکمتِ عملی پر تبادلۂ خیال کیا۔

بلاول بھٹو زرداری پہلے ہی پنجاب کو پہلا مورچہ بنانے کا عندیہ دے چکے ہیں۔

حمزہ شہباز کے بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کرنے والے پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں میں قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور اور حسن مرتضیٰ شامل تھے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا میں بے لاگ احتساب کی ضرورت ہے،اختیار ولی

مسلم لیگ نون کی جانب سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللّٰہ، عطاء اللّٰہ تارڑ اور اویس لغاری نے ظہرانے میں شرکت کی۔

حمزہ شہباز شریف کے بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں مٹن بریانی، سجّی، بار بی کیو، دال گوشت، بھنڈی اور دیگر مزے مزے کے پکوان شامل تھے۔