5e3416f862244

طیفا ان ٹربل نیٹ فلیکس پر ریلیز

جولائی 2018 میں اداکار و گلوکار علی ظفر کی ریلیز ہونے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کو دنیا کی سب سے بڑی آن لائن اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس پر ریلیز کردیا گیا۔

طیفا ان ٹربل نے جہاں پاکستان میں ریلیز ہوتے ہی ریکارڈ کمائی کی تھیں وہیں اس فلم کو دنیا کے کئی ممالک میں بھی ریلیز کیا گیا تھا۔

علی ظفر اور مایا علی کی فلم نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اچھی کمائی کی تھی تاہم پاکستان میں اس فلم کے خلاف مظاہرے بھی کیے گئے تھے۔

مزید پڑھیں:  اہلخانہ کو فلموں سے ریٹائرمنٹ کا بتایا تو سابقہ اہلیہ روپڑیں، عامر خان

طیفا ان ٹربل کو پاکستان میں ایک ایسے وقت میں ریلیز کیا گیا تھا جب علی ظفر کے خلاف گلوکارہ میشا شفیع نے جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا۔

گلوکارہ نے علی ظفر پر اپریل 2018 میں جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا اور اب دونوں کا کیس لاہور کی سیشن کورٹ میں زیر سماعت ہے اور تاحال اس پر کوئی فیصلہ نہیں آ سکا۔

جنسی ہراسانی کے الزامات سامنے آنے کے بعد لوگوں نے علی ظفر کےخلاف پاکستان کے چند بڑے شہروں میں مظاہرے بھی کیے تھے اور ان کی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا تاہم اس باوجود علی ظفر کی فلم نے ریکارڈ کمائی کی۔

مزید پڑھیں:  شاہ رُخ خان کو قتل کی دھمکی دینے والا شخص گرفتار

پاکستان میں دھوم مچانے کے بعد طیفا ان ٹربل کو خلیجی ممالک سمیت یورپ، امریکا و ایشیا میں بھی ریلیز کیا گیا تھا اور فلم نے دیگر ممالک میں بھی اچھی کمائی کی تھی۔

پاکستان اور دنیا بھر میں ریلیز کیے جانے کے بعد اب طیفا ان ٹربل کو نیٹ فلیکس پر بھی ریلیز کردیا گیا۔

علی ظفر نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کی فلم کو نیٹ فلیکس پر ریلیز کردیا گیا۔