موذی وائرس سے ملک میں مزید 81 افراد دم توڑ گئے

ویب ڈیسک(اسلام آباد)کوروناوائرس کی تیسری لہر نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی، 24 گھنٹے کے دوران مزید 81 افراد دم توڑ گئے۔

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال مزید بگڑتی جارہی ہے، جس کے باعث حالت مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکےکوروناوائرس کی تیسری لہر سے متعلق جاری کردہ اعداد و شمار سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد 14 ہزار 778 ہوگئی۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے میں 55 ہزار 605 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 5 ہزار 20 نئے کیسزمثبت رپورٹ ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 9.02 فیصد ہے۔

ملک میں کورونا کے قاتل وائرس نے مزید 81 افراد کی جانیں لے لی ہیں، پنجاب میں یہ وائرس سے سے زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہورہی ہے جہاں 6 ہزار572 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، اس کے علاوہ سندھ میں 4 ہزار 509، خیبر پختونخوا 2 ہزار 440، اسلام آباد 579، گلگت بلتستان 103، بلوچستان میں 211 اور آزاد کشمیر میں 364 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اس وقت کورونا کے مصدقہ فعال مریضوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، اس وقت فعال مریضوں کی تعداد 60 ہزار 72 ہوگئی ہے جن میں سے 3 ہزار 568 کی حالت تشویشناک ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر ملک بھر میں بھی سخت پابندیاں نافذ کرنے کی تیاریاں کرلی گئی ہیں، جس کے تحت کوروناکیسز 8 فیصد مثبت شرح والے علاقوں میں لاک ڈاؤن ہوگا۔