news 1613485056 6883

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ترکی کے 2روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے

ویب ڈیسک (تہران)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ،ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو کی دعوت پر ترکی کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے۔

ذرائع کےمطابق ایران میں تعینات پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی اور ایرانی وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کو تہران ہوائی اڈے سے الوداع کیا۔

وزیر خارجہ، پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے، ترکی میں منعقدہ سہ فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے،وزیر خارجہ، ترکی ،پاکستان اور افغانستان (شرکت بذریعہ ویڈیو لنک ) پر مشتمل سہ فریقی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

اس اجلاس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی افغان امن عمل میں ہونے والی حالیہ پیش ہائے رفت پر بات چیت کریں گے اور افغان قیادت میں افغانوں کو قبول سیاسی عمل کے ذریعے پرامن اور مستحکم افغانستان کے مشترکہ مقصد کے حصول پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وہ اس مقصد کے لئے پاکستان کی قابل قدر کوششوں کو بھی اجاگر کریں گے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، خیبرپختونخوا میں مقیم افغان باشندوں کی میپنگ آخری مرحلہ میں داخل

وزیرخارجہ، ترک ہم منصب سمیت ترکی کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔

ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی موضوعات زیر بحث آئیں گے۔

وزیر خارجہ، ترک وزیر خارجہ کے ساتھ ہونیوالی والی ملاقات میں، دیگر امور کے ساتھ ساتھ، اعلیٰ سطحی اسٹریٹیجک تعاون کونسل (HLSCC) کے استنبول میں ہونیوالے ساتویں اجلاس کے انعقاد کی تیاری کے حوالے سے تبادلہ ء خیال کریں گے۔

مزید پڑھیں:  چارسدہ، مستورات کے تنازعے پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق ، ایک زخمی

پاکستان اور ترکی کے درمیان مشترک عقیدے، ثقافت اور تاریخی طور پر گہرے برادرانہ تعلقات استوار ہیں جو غیرمعمولی باہمی اعتماد اور احترام سے عبارت ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ترکی کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان جاری اعلی سطحی روابط کے سلسلے کی کڑی ہے۔

واضح رہے وزیر خارجہ چاوش اوغلو نے جنوری 2021 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جبکہ دونوں وزرا خارجہ نے 29 مارچ 2021 کو تاجکستان، دوشنبے میں منعقدہ ’ہارٹ آف ایشیائ۔استنبول پراسیس‘ وزارتی کانفرنس کے نویں اجلاس کے موقع پر بھی ملاقات کی تھی۔
٭٭٭٭٭