5eca12a653167

ملک بھرمیں عیدالفطر مذہبی جوش وجذبےکےساتھ منائی جارہی ہے

ویب ڈیسک (اسلام آباد)ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے ، شہر شہر حفاظتی انتظامات کے ساتھ نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔

عیدالفطر کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت دیگر شہروں میں کورونا ایس او پیز کے ساتھ نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔عیدالفطرکےموقع پرنمازعید کےبڑے اجتماعات منعقد کئےگئے، جہاں لاکھوں فرزندان توحید نے نماز عید ادا کی اور وطن عزیز کی سلامتی و قیام امن کیلئےدعائیں مانگیں جبکہ لب پرعالمی وباء کورونا سے نجات کیلئے بھی خصوصی دعائیں تھیں ۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں عیدالفطر کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے گئے، نماز کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اوردہشت گردی کے خاتمےکے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنہ و فساد کے خاتمے کے لئے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی گئی۔

مزید پڑھیں:  کراچی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پرخودکش حملہ،2 دہشتگرد ہلاک

‏وزیر اعظم عمران خان نے عیدالفطر پر اہل وطن اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد دی ہے۔عمران خان نے کہا کہ قوم سے درخواست ہے عید پر کورونا ایس او پیز پر عمل کریں، احتیاط دین کا حکم اور سنت رسول صلی ﷲ علیہ وسلم بھی ہے۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی دوست ممالک کیساتھ تعلقات خراب کرناچاہتی ہےوزیردفاع

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عید پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ ہم اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کے لیے عید پردعاگو ہیں، کورونا وائرس اور کمر توڑمہنگائی کی وجہ سے عوام روایتی خوشیوں سے محروم ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ عید سادگی سے منائیں۔

دوسری جانب قائد حزب اختلاف اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے قوم سے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیےخصوصی دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے عید پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔