ویب ڈیسک(اسلام آباد)وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے فلسطینی ہم منصب ڈاکٹر ریاض المالکی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ نے اسرائیلی فوج کی جارحیت اور مسجد اقصٰی پر جاری حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے، معصوم فلسطینیوں بالخصوص بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹیلی فونک بات چیت میں فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطینیوں کے حق خودارادایت کی جہدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے فلسطینی ہم منصب کو، عالمی برادری کی توجہ، فلسطین میں جاری اسرائیلی فوج کی جارحیت کی طرف مبذول کروانے اور مسئلہ فلسطین کے پر امن حل کیلئے پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے فلسطینی صدر کو ٹیلیفون کے ذریعے، اس حق خود ارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایا، انہوں نے اس مشکل گھڑی میں پاکستانی قوم کی جانب سے اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی۔
فلسطینی وزیر خارجہ ڈاکٹر ریاض المالکی نے وزیر خارجہ کو فلسطین کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے، کشیدگی میں کمی لانے کیلئے جاری کاوشوں سے آگاہ کیا۔
فلسطینی وزیر خارجہ نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کے واضح، دو ٹوک اور اصولی موقف کو سراہتے ہوئے، علاقائی اور عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی معاونت پر پاکستان کی قیادت اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطین کی کشیدہ صورتحال پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا فلسطینی ہم منصب کے ساتھ یہ رابطہ، فلسطین کی صورتحال پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کے حوالے سے اسلامی ممالک کے ساتھ کیے جانیوالے سفارتی روابط کی کڑی ہے۔