5555 15

وزیر خارجہ کا فلسطین کی صورتحال پر سعودی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ

ویب ڈیسک (اسلام آباد)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطین کی صورتحال پر سعودی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مسجدِ اقصیٰ پر حملے اور فلسطین میں انسانی المیے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے اسرائیلی افواج کی طرف سے مسلسل حملوں کی مذمت کی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے معصوم شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنانا تمام عالمی و انسانی حقوق کے منافی ہے،وزیرخارجہ نے وزیراعظم کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران مشترکہ اعلامیہ کا بھی حوالہ دیا۔

ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے فلسطین کے حل اورخود مختار ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسجد اقصٰی پر حملے اور نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی جارحیت سے پوری امت مسلمہ بالخصوص پاکستانی قوم کی شدید دل آزاری ہوئی ہے اسرائیلی فوج کی جانب سے معصوم فلسطینیوں، بالخصوص بچوں پر تشدد کے واقعات، انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں

مزید پڑھیں:  ڈالر مزید سستا، سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نےوزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ ء سعودی عرب کے دوران 8 مئ کو جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں پاکستان اور سعودی عرب نے فلسطین کے معاملے پر یکساں نقطہ نظر کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان، فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت کیلئے پرعزم ہے ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی کے مطابق پاکستان، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عرب ممالک کے امن اقدام (Arab Peace Initiative ) کی روشنی میں ، 1967 سے قبل کی سرحدی صورت حال کے مطابق، ایک قابلِ عمل، آزاد ریاست فلسطین کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا ۔

مزید پڑھیں:  وزراء اور سرکاری افسران کے فائیو سٹار ہوٹل میں قیام پر پابندی

سعودی وزیر خارجہ نے فلسطین کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، اس تناظر میں اٹھائے گئے اقدامات سے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔۔

وزیر خارجہ نے صورتحال کی نزاکت کے پیش نظر، سعودی عرب کی جانب سے، 16 مئ کو او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے، اس ضمن میں پاکستان کی غیرمتزلزل اور بھرپور حمایت کا یقین بھی دلایا ۔

شاہ محمود قریشی نے نے وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ ء سعودی عرب کے دوران بھرپور میزبانی پر سعودی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ دورہ ء سعودی عرب کے بعد، فلسطین کی صورتحال پر وزیر اعظم عمران خان اور سعودی فرمانروا ،خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔