farooq qaiser

فاروق قیصر کو سپردِ خاک کر دیا گیا

ویب ڈیسک(اسلام آباد) ٹی وی کردار انکل سرگم کے خالق معروف مزاح نگار، مصنف، کالم نگار، کارٹونسٹ اور ٹی وی پروڈیوسر فاروق قیصر کو سپردِ خاک کردیا گیا۔

اسلام آباد میں نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد انھیں ایچ الیون قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔

اداکار مسعود خواجہ، بابر نیازی سلیم رضا، انجم حبیبی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے فاروق قیصر کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز معروف مزاح نگار اور انکل سرگم جیسے پتلی تماشا کردار کے خالق فاروق قیصر انتقال کر گئے تھے۔

وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے، انہوں نے ایک بیٹا اوردو بیٹیاں سوگوار چھوڑے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز معروف مزاح نگار فاروق قیصر (انکل سرگم) انتقال کرگئے تھے۔ فاروق قیصر کے نواسے حسنین قیصر نے ان کے انتقال کی تصدیق کی تھی۔

فاروق قیصر کا انتقال اسلام آباد میں ہوا تھا۔ وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔ حسنین قیصر کے مطابق نانا کی طبیعت خراب ہوئی تھی جس کی وجہ سے انہیں اسپتال لے جانے کے لیے ایمبولینس بلائی تھی مگر اس کی آمد سے قبل ہی ان کا انتقال ہو گیا۔

فاروق قیصر نے نیشنل کالج آف آرٹس لاہور سے تعلیم حاصل کی تھی۔ پاکستان ٹیلی ویژن پر وہ 1970 میں اکڑ بکڑ کے ذریعے متعارف ہوئے تھے۔