اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل، نوٹیفکیشن جاری

ویب ڈیسک (اسلام آباد)وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون کے صدر شہبازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا گیا ہے، وزارت داخلہ نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شہباز شریف آج سے بیرون ملک سفر کرنے کے مجاز نہیں رہے،ان کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی وجوہات بھی نوٹیفکیشن میں درج کی گئی ہیں۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نیب ریفرنس کا ٹرائل شروع ہو چکا ہے، اس پراحتساب عدالت میں جرح جاری ہے، شہباز شریف کو ملک سے باہر بھیجنے سے ٹرائل تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے۔شہباز شریف پر منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کا 7 ارب روپے کا کیس ہے، آئین کےآرٹیکل 25 کےتحت مقدمےمیں ایک ملزم کےساتھ امتیازی سلوک نہیں ہوسکتا۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ حکومت کے پاس ایسی کوئی دستاویزات نہیں جس سے ثابت ہو کہ شہبازشریف کو میڈیکل علاج کی ضرورت ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید کا شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق کہنا ہے کہ نیب نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی اور کابینہ نے اس کی منظوری دی۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف 7 ارب روپےکے اثاثوں کا کیس ہے، ان کے خلاف 4 ملزمان سلطانی گواہ بن چکے ہیں، وہ نوازشریف کو واپس لانے کے ضمانتی تھے۔ شہباز شریف بیرون ملک چلے گئے تو ان کو نواز شریف کی طرح واپس لانا مشکل ہوگا، ابھی تک نوازشریف ہی واپس نہیں آئے تو شہباز شریف نے کہاں سے واپس آنا تھا۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہمیں کوئی ڈیل کی اطلاع نہیں، زبیر نے کہا ہے کہ ان کے تعلقات بہتر ہو گئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ شریف فیملی کے 5 افراد پہلےسے بیرون ملک مفرور ہیں، شہباز شریف نواز شریف کے ضمانتی ہیں،ان کو جانے کی اجازت دی تو وہ سلطانی گواہ پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔