download 2 46

پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی تیاریاں،پیپلزپارٹی نے حکومت کو خبردارکردیا

ویب ڈیسک (اسلام آباد)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سیکریٹری جنرل نیر بخاری کا کہنا ہے کہ حکومت کی پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی تیاریاں ہیں۔

نیر بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوام دشمن بجٹ کے بعد عوام پر پیٹرول بم گرانے کی تیاریاں تشویش ناک اور قابلِ مذمت ہیں، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تو مہنگائی میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوگا، مسلسل عوام دشمن فیصلوں سے شدید ردِ عمل سامنے آسکتا ہے۔

مزید پڑھیں:  ڈی ایچ اوز اور ایم ایس کو اجازت لے کر ڈیوٹی سٹیشن چھوڑنے کی ہدایات

نیر بخاری نے کہا ہے کہ اشرافیہ نمائندہ حکمرانوں کے بجٹ میں سرمایہ دار طبقے کو مراعات اور رعایات دی گئیں، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے، تنخواہ داروں کو سسکنے کے لیے بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام دشمن حکومت کو عوام پر پیٹرول بم گرانے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا براہِ راست اثر غریب طبقے پر پڑتا ہے۔

مزید پڑھیں:  ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید بارشیں، نظام زندگی درہم برہم

نیر بخاری نے کہا کہ حکومت اپنی جیبیں اور مافیا کو فائدہ پہنچانے کے لیے عوام دشمن اقدامات سے گریز کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی سلیکٹڈ حکومت کے ان اقدامات پر پارلیمان کے اندر اور باہر بھرپور آواز اٹھائے گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سیکریٹری جنرل کا یہ بھی کہنا ہے کہ مزدوروں، تاجروں، کسانوں اور کاشتکاروں کی تنظیموں کے احتجاج میں پیپلز پارٹی بھرپور شرکت کرے گی۔