100666 396245788

شہبازشریف سےبلاول بھٹو کی ملاقات، آئندہ سیاسی حکمت عملی پرملکرعمل کرنےپراتفاق

ویب ڈیسک( اسلام آباد)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی اور اس پر مل کر عمل درآمد کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں کے مابین بجٹ اجلاس کے حوالے سے لائحہ عمل پر گفتگو کی گئی، اور گزشتہ روز کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، شازیہ مری اور نوید قمر موجود تھے، جب کہ مسلم لیگ (ن) کے ایاز صادق، راناثنااللہ اور مریم اورنگزیب بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں موجود تھے۔

مزید پڑھیں:  بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل منتقلی، اسٹیٹ کونسل کی ایک ہفتے کی استدعا منظور

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہونے والا واقعہ جگ ہنسائی کا سبب بنا، حکومتی وزراء کو رویہ سب نے دیکھ لیا ہے، جو ہوا وہ پارلیمان کی تاریخ میں سیاہ دن تھا، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ بلاول بھٹو اظہار یکہجتی کے لئے آئے ان کا شکر گزار ہوں، ہم نے آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی ہے، جس پر اپوزیشن مل کر عمل درآمد کرے گی۔

مزید پڑھیں:  سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف قائد حزب اختلاف ہیں اور اسمبلی میں اپوزیشن کی نمائندگی کرتے ہیں، ان کے ساتھ جو رویہ اختیار کیا گیا اس سے وزراء کی کیا عزت رہ گئی ہے، ہم شہباز شریف کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے آئے ہیں، آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی ہے مل کر عمل کریں گے۔ وزیر اعظم اپنے وزراء کو بچوں کی طرح ہدایات دے رہے ہیں، ہم سنجیدہ سیاستدان ہیں، پیپلزپارٹی اور نون لیگ مل کر منصوبہ بندی کرے گی۔