داسو پراجیکٹ کی بدولت ملازمت کے8000 مواقع پیدا ہورہے ہیں، فرخ حبیب

ویب ڈیسک(اسلام آباد)وزیراعظم عمران خان آج داسو ہائیڈروپراجیکٹ پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیں گے اور وہاں کام کرنے والے غیرملکی انجینئرز اور مزدوروں سے بات بھی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج داسو ڈیم کا دورہ کریں گے ، جہاں وہ ڈیم پرجاری تعمیراتی کام کاجائزہ لیں گے اور ڈیم پرکام کرنے والے غیر ملکی انجینئرز اور مزدوروں سے بات بھی کریں گے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ داسوپراجیکٹ کی مجموعی پیداواری صلاحیت4320 میگا واٹ ہے، پراجیکٹ 2 مراحل میں ہوگا،ہرمرحلہ2160میگاواٹ پرمشتمل ہے، داسو کے زیر تعمیر پہلے مرحلے کی لاگت 511 ارب روپے ہے اور پہلے مرحلےکی لاگت کا 80فیصد واپڈا جبکہ 20فیصدورلڈبینک مہیاکررہا ہے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ داسوپراجیکٹ کے پہلے مرحلے سےاپریل2025میں بجلی پیداوارشروع ہوجائے گی جبکہ سال 2029میں فیزٹو کے مکمل ہونے کے بعد ڈیم کی استعداد 4320 میگا واٹ ہوجائے گی۔

انھوں نے مزید بتایا کہ داسوڈیم نیشنل گرڈکو12ارب یونٹ سستی،ماحول دوست بجلی مہیا کرےگا،داسو پراجیکٹ کی بدولت ملازمت کے8000مواقع پیدا ہو رہے ہیں، مقامی لوگوں کی ترقی کیلئے پراجیکٹ ایریامیں اعتمادسازی کےاقدامات کئےہیں ،اقدامات کےتحت17ارب34کروڑروپے خرچ کئےجارہے ہیں۔ڈیم کی تعمیرکیلئے زمین کی خریداری کا کام مکمل کرلیاگیا ، کوروناکےباوجودایس اوپیزپرعملدرآمدکرتےہوئے ڈیم کی 10 سائٹس پر تعمیرجاری ہے ، پاور سیکٹر اصلاحات، پانی کےوسائل کا بہتراستعمال وزیراعظم کا وژن ہے اور اس ہی وژن کےتحت داسو ڈیم پرکام کی رفتارکوبڑھایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ دسمبر2018 میں میں وفاقی حکومت نے 4,300 میگاواٹ پر مبنی داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے لیے تاخیر کا شکار زمین کے حصول کے مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے اضافی 18 ارب روپے تک لاگت برداشت کرنے کا عندیہ دیا تھا۔