shahbaz sharif 2

شہباز شریف کی بلوچستان کے اپوزیشن ارکان پر لاٹھی چارج کی مذمت

ویب ڈیسک (لاہور)مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہبازشریف نے بلوچستان کے اپوزیشن ارکان پر لاٹھی چارج کی مذمت کی ہے۔

لاہور سے جاری کیئے گئے بیان میں میاں شہبازشریف کا کہنا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ارکان پر تشدد فسطائیت کی انتہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انتشار اور جبر کے ہتھکنڈے غیرجمہوری، غیرپارلیمانی اور غیرسیاسی ہیں۔موجودہ حکومت نے بدقسمتی سے جمہوری احتجاج، اختلاف رائے اور تنقید کو ذاتی دشمنی بنادیا ہے،پہلے قومی اسمبلی میں غیرجمہوری رویہ اپنایا گیا، اب یہی رویے بلوچستان اسمبلی میں نظر آرہے ہیں۔ بلوچستان اسمبلی میں یہ انتشاراچھی چیز نہیں، ارکان اسمبلی کی عزت ووقار کی پامالی قابل مذمت ہے ۔

مزید پڑھیں:  صحت اصلاحات تیار، کابینہ نہ ہونے سے معاملہ رکا ہوا ہے، سرفراز بگٹی

انہوں نے مززید کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ارکان کے جائز مطالبات اور محرومیوں کو دور کیا جائے ۔حکومت ارکان اسمبلی کی بات سنے، لاٹھی چارج، اجلاس میں شرکت سے روکنا مسئلے کا حل نہیں،دونوں اطراف تحمل اور بالغ نظری کا مظاہرے کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی میں ہونے والے بجٹ اجلاس کے موقع اپوزیشن اراکین اور ان کے حمایتیوں نے اسمبلی کے گیٹ کو تالے لگا دیئے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، حکومتی احکامات نظر انداز، روٹی کی پرانی قیمتیں برقرار، ضلعی انتظامیہ متحرک

اپوزیشن نے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور حکومتی اراکین کو اسمبلی میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی تو پولیس ایکشن میں آگئی، پولیس نے بکتر بند گاڑی کی مدد سے گیٹ توڑ ڈالا۔

اس دوران ہونے والی ہنگامہ آرائی، پولیس کے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کے نتیجے میں 3 اراکینِ اسمبلی زخمی ہوئے جبکہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی اندر داخل نہ ہوسکے۔