logo 85

سستی بجلی کا خواب منصوبوں پر توجہ دینے سے ہی پورا ہو گا

وزیر اعظم عمران خان نے درست کہا ہے کہ مہنگی بجلی ہر طرح کی مہنگائی لیکر آتی ہے ۔ بجلی سستی ہونے سے صنعت کاری ہو گی جس سے معاشی حالت میں بہتری آئے گی۔پٹرولیم مصنوعات ‘ گیس اور بجلی کی قیمتوں کا مہنگائی سے بڑا اور براہ راست تعلق رہا ہے اور ہے جب بھی ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا مہنگائی اسی روز سے بڑھی ملک میں اس وقت گھریلواستعمال کے لئے بجلی پوری نہیں بجلی کی پیداوار اگر پوری ہے تو ٹرانسمیشن لائینزناکارہ اور بوسیدہ ہیں بجلی بھی ہمارے ملک میں کئی ذرائع سے پیدا ہوتی ہے جس میں سب سے سستی پن بجلی ہے اس لئے بجلی سستی کرنے کا تقاضا ہے کہ پن بجلی کے منصوبوں پر زیادہ سے زیادہ توجہ دی جائے ۔خیبر پختونخوا میں پن بجلی کے بے شمار مواقع ہیں صرف داسو پراجیکٹ کی تکمیل سے چار ہزار تین سو بتیس میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل اورپیداوار شروع کرنے کا اپریل 2025ء تک امکان ہے اسی طرح بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کے علاوہ بھی کئی چھوٹے بڑے پن بجلی کے منصوبوں پر کام جاری ہے جن پر کام کی رفتار تیز کرنے اور تکمیل کے بعد ہی عوام اور صنعتوں کو سستی بجلی دینے کا خواب پورا ہو گا جس کا تقاضا ہے کہ وزیر اعظم ان منصوبوں میں ذاتی دلچسپی لیں وسائل کی فراہمی کا بندوبست کرکے ان کی تکمیل کی راہ ہموار کی جائے۔
ویکسین نہ ملنے کا سنگین مسئلہ
بیرون ملک جانے کے خواہشمند افراد کا سعودی عرب میں چینی ویکسین کی بجائے سٹرازنکا ویکسین کی ناپیدگی کے خلاف مظاہرہ اس امر پر دال ہے کہ حکومتی دعوئوں کے برعکس لوگ ویکسین لگوانے کے خواہشمند ہیں لیکن ان کو مطلوبہ ویکسین فراہم نہیں ہوتی سعودی عرب جانے والوں کی ضرورت جس ویکسین سے پوری ہوتی ہے اس کا بندوبست محکمہ صحت اور حکومت کی ذمہ داری ہے صرف یہی نہیں کہ اس مخصوص ویکسین کی قلت ہے بلکہ کورونا سے بچائو کے دیگر ویکسین بھی ناپید ہیں اور ویکسین کی دوسری ڈوز نہیں مل رہی ہے جس سے پہلی ڈوز کے بھی بے اثر ہونے کا خدشہ ہے ایک جانب حکومت لوگوں کو ویکسین لگانے کا شعور دلانے کی مہم شروع کر رکھی ہے لیکن ویکسین کی فراہمی کی ذمہ داری پوری نہیں کی جارہی ہے جو بڑی ناکامی اور تشویش کی بات ہے ۔ اس طرح کی صورتحال مزید چند دن اور جاری رہنے کی صورت میں عوام میں بددلی پھیلنا فطری امر ہو گااور عوام مایوس ہوکر بیٹھ جائیں تو ان کو دوبارہ ویکسین لگانے پر آمادہ کرنا مشکل امر ہو گا بہتر ہوگا کہ جتنا جلد ممکن ہو سکے ویکسین کا بندوبست کیا جائے اور بیرون ملک جانے کے خواہشمند افراد کے لئے جلد سے جلد مطلوبہ و قابل قبول ویکسین کا انتظام کیا جائے۔

مزید پڑھیں:  تجربہ کرکے دیکھیں تو!