وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی یوم پناہ گزین پر اہم پیغام جاری کردیا

ویب ڈیسک(اسلام آباد )وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان چاہتا ہے کہ عالمی برادری افغان مسئلہ کے دیرپا سیاسی حل کے لیے کاوشیں تیز کرے۔

عالمی یوم پناہ گزین پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان آج کے دن کے مناسبت سے عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے، کورونا وباء کے باعث عوامی صحت، سماجی و معاشی چیلنجز کے پس منظر میں یہ دن منایا جا رہا ہے، موجودہ چیلنجز نے بوجہ تشدد اور تنازعات، بے گھر افراد کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں تنازعات کے شکار امور کا جائزہ لے کر تنازعات کی روک تھام کا پیغام دیتا ہے، ہمیں امن میں سرمایہ کاری، تنازعات کو روکنے، حل کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے، ہمیں مہاجرین کے تحفظ کے لئے مشترکہ عزم کا اعادہ کرنا ہو گا، ہمیں فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہاجرین کے میزبان ممالک کی ذمہ داریاں بانٹنا ہوں گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے چار دہائیوں سے زیادہ پناہ گزینوں کا بھرپور تحفظ کرکے مثال قائم کی، پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ مہاجرین کی میزبانی کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے، آج بھی 30 لاکھ کے قریب افغان مہاجرین کو ہر ممکن تحفظ فراہم کر رہے ہیں، ہماری قوم نے مہاجرین سے سخاوت، یکجہتی، ہمدردی کی مثالی اقدار کا مظاہرہ کیا، اس ملک نے مہاجرین کی صحت تعلیم اور معاش بارے میں جامع پالیسیاں دیں اور کورونا وباء کے دوران بھی مہاجرین کا ہر ممکن خیال رکھا، جب کہ عوام نے لاکھوں مہاجرین کی میزبانی کرکے منصفانہ انداز میں عالمی ذمہ داری نبھائیں، کورونا وباء کے سماجی و اقتصادی چیلنج میں مہاجرین کی مدد کرنا ہو گی، مہاجرین کے میزبان ترقی پذیر ممالک کو عالمی سیاسی و مالی مدد درکار ہے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں پائیدار امن کے لیے بھی کلیدی سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہا ہے، پاکستان چاہتا ہے کہ عالمی برادری افغان مسئلہ کے دیرپا سیاسی حل کے لیے کاوشیں تیز کرے، عالمی برادری کی معاونت افغان مہاجرین کی باوقار، بروقت وطن واپسی کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔